وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا چینی ہم منصب وانگ ژی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں کورونا کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ بیجنگ اسلام آباد کو ترجیحی بنیادوں پر ویکسین کی مطلوبہ ڈوز فراہم کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی قیادت کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا کے بعد چین کی عالمی برادری بالخصوص پاکستان کی معاونت مثالی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے کورونا ویکسین بھجوانے پر چینی قیادت اور وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب کو بتایا کہ وزیرِاعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن سمیت تمام حفاظتی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن کا جامع منصوبہ تشکیل دیا ہے، جلد ویکسین کی مزید ڈوز درکار ہوں گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیرِ خارجہ نے 31 مارچ تک پاکستان کو مزید ویکسین تحفتاً بھجوانے کا اعلان کیا۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا تھا کہ چین سے کورونا ویکسین کے حصول کے لیے 100 سے زائد ممالک رابطہ کرچکے ہیں۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو ترجیحی بنیادوں پر ویکسین کی مطلوبہ ڈوزز مہیا کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیر خارجہ کے اس خیر سگالی کے جذبے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب سے اظہارِ تشکر کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بھی تبالہ خیال کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح روابط کا تسلسل جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
Comments are closed.