جمعرات 26؍جمادی الثانی 1444ھ19؍جنوری 2023ء

شبمن کی ڈبل سنچری، اعزاز حاصل کرنے والے کم عمر ترین بیٹر بن گئے

بھارتی بلے باز شبمن گِل ون ڈے انٹرنیشنل میں کم عمر ترین ڈبل سنچری اسکور کرنے والے کرکٹر بن گئے۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں 145 گیندوں پر 9 چھکے اور 19 چوکوں کی مدد سے 208 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر یہ اعزاز اپنے نام کرلیا۔

حیدرآباد دکن میں کھیلے گئے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ون ڈے میں بھارت نے 8 وکٹ پر 349 رنز بنائے۔

اس اننگز کے دوران بھارتی اوپنر شبمن گِل الگ ہی رنگ میں دکھائی دیے۔ اوپننگ بیٹر نے چھکے چوکوں کی بارش کردی۔ 145 گیندوں پر ڈبل سنچری داغ دی۔

شبمن گِل نے کیوی فاسٹ بولر لوکی فرگوسن کو مسلسل تین چھکے لگا کر کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری بنائی۔ ان کی دھواں دار بیٹنگ میں 9 چھکے اور 19 چوکے شامل تھے۔

شبمن گِل 23 سال اور 132 دن کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دے کر کم عمر ترین کرکٹر بن گئے۔

اوپننگ بیٹر نے بھارت کی جانب سے تیز ترین ایک ہزار رنز اسکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔

خیال رہے کہ وہ ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈبل سنچری بنانے والے بھارت کے پانچویں کرکٹر بھی بنے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.