امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ آصف زرداری سے درخواست ہے کہ عوامی مینڈیٹ تسلیم کریں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے کہا کہ امید ہے کہ آصف زرداری ہماری بات سنیں گے، کنفیوژن کو ختم کریں گے، تاکہ کراچی کے عوام کو آگے لے کر جا سکیں۔
ان کا کہنا ہے کہ طویل جدوجہد کے بعد کراچی کے عوام نے لیڈر شپ کا چناؤ کیا ہے، بار بار کراچی کے الیکشن ملتوی کیے گئے، ایڈہاک ازم کی بنیاد پر حکومتوں کے معاملات چلائے جاتے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ ایک عرصے سے کراچی کو لاوارث رکھا گیا، بلدیاتی انتخابات کے لیے جماعتِ اسلامی نے طویل جدوجہد کی۔
انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کی تاریخی کامیابی کوئی حیرانی کی بات نہیں ہے، جماعتِ اسلامی نے کراچی کی خدمت کی ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ حکومت کہتی ہے کہ ٹرن آؤٹ کم تھا اس کے باوجود نتائج میں بہت تاخیر کی گئی، ہمارے پاس فارم 12 پر 94 نشستیں تھیں لیکن بعد میں 86 پر کامیابی کا رزلٹ ملا۔
ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو لیڈنگ پوزیشن دی گئی، ہمارا مطالبہ ہے کہ فارم 11 پر الیکشن افسر کے دستخط ہیں، انہیں درست مانا جائے۔
سراج الحق کا کہنا ہے کہ اس فارم کے تحت ہمارے 94 سے بھی زائد کامیاب حلقے بن رہے ہیں، پیپلز پارٹی خود کو عوامی جماعت کہتی ہے تو عوام کا فیصلہ قبول کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم بات چیت جاری رکھیں گے، لیکن پہلے مرحلے میں صوبائی حکومت حقیقت تسلیم کرے، ہم سب کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم ترقی، خوش حالی اور امن چاہتے ہیں، عوام کو اچھی قیادت سے محروم نہ کیا جائے۔
Comments are closed.