سابق وزیرِاعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ سینیٹ میں لیڈر آف اپوزیشن مسلم لیگ (ن) کا ہوگا، اصول کے مطابق تمام جماعتیں اس فیصلے کی پابند رہیں گے۔
لاہور میں مولانا فضل الرحمٰن کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں مریم نواز نے کہا کہ اصولی فیصلہ ہوچکا ہے، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ن لیگ کا ہوگا، کسی کی ہار جیت کے بعد تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں متحد رہیں۔
وزیراعظم عمران خان سے متعلق بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کا مستقبل اپوزیشن اتحاد سے نہیں بلکہ اس کی اپنی کارکردگی سے جڑا ہوا ہے۔
ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کسی موقع پر حکومت کو پتلی گلی سے نکلنے کی اجازت نہیں دے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ جمعیت علماء اسلام (ف) اور ن لیگ اپنے طور پر بڑے جلسے اور احتجاج کرسکتی ہیں، ہمیں اس معاملے پر کسی اور کی ضرورت نہیں۔
Comments are closed.