وزیراعظم عمران خان نے ملک کو قرضوں کی دلدل سے نکالنے کا طریقہ بتادیا، اُن کا کہنا ہے کہ پیداوار میں اضافہ کرکے ہی ملک کو قرضوں کی دلدل سے نکالا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرِصدارت معاشی استحکام و ترقی کے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو ضمانت کے بغیر قرضوں کی فراہمی کا انتظام کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت تقریباً 50 فیصد نقصان کے رسک کی گارنٹی لے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایس ایم ایز پر حکومت، اسٹیٹ بینک اور نجی بینکوں کے درمیان مؤثر پارٹنرشپ بنائی جارہی ہے۔
اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کو اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام میں پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی جبکہ چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے لیے سہولتوں کی فراہمی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں ٹیکنالوجی زون کے قیام کے لیے زمین فراہم کی جاچکی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت شرحِ نمو اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہر ممکنہ اقدام اٹھائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے فروغ سے معاشی عمل میں تیزی آئے گی جبکہ چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کے فروغ سے ملک میں دولت بھی پیدا ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کو قرضوں کی دلدل سے پیداوار میں اضافہ کرکے ہی نکالا جاسکتا ہے۔
Comments are closed.