متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کامران ٹیسوری کا نام بطور گورنر سندھ بھیجنے کے پیچھے کی کہانی بتادی۔
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے بیان میں بتایا کہ موجودہ حکومت کے قیام سے اب تک گورنر سندھ کا عہدہ خالی تھا، ہم نے پہلے مرحلے میں 5 نام دیے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دیے گئے 5 ناموں پر کوئی پیشرفت نہ ہوسکی، ایم کیو ایم نے اہم آئینی عہدہ کافی عرصے سے خالی رہنے پر مشاورت کی اور مزید 2 نام وفاق کو بھیج دیے۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق اس بار پارٹی قیادت نے عبدالوسیم اور کامران ٹیسوری کے نام وفاق کو ارسال کیے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کامران ٹیسوری کا نام بطور گورنر سندھ منظور کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کامران ٹیسوری یقیناً وفاق اور صوبے کے درمیان ہم آہنگی میں بخوبی اپنا کردار نبھائیں گے اور شہری سندھ کی محرومیوں کے ازالے میں بھرپور حصہ ڈالیں گے۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی قیادت نے کامران ٹیسوری کے گورنر سندھ بننے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Comments are closed.