وزیراعظم شہباز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس میں بری ہونے کے بعد مریم نواز سے ملاقات کی اور انہیں گلے بھی لگایا۔
شہباز شریف نے مریم نواز کو ان کی اور کیپٹن (ر)صفدر کی بریت پر مبارکباد دی۔
اس سے قبل شہباز شریف نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ جھوٹ، بہتان اور کردار کشی کی عمارت آج منہدم ہوچکی ہے۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی بریت نام نہاد احتسابی نظام کے منہ پر طمانچہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نام نہاد احتسابی نظام شریف خاندان کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مریم بیٹی اور صفدر کو میری طرف سے مبارکباد۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسلم لیگ کی رہنما مریم نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس سے بری کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے مریم نواز کی ایون فیلڈ ریفرنس میں اپیل منظور کرتے ہوئے ان کی 7 سال قید کی سزا کالعدم قرار دے دی۔
عدالت عالیہ نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی 1 سال قید کی سزا بھی کالعدم قرار دے دی۔
Comments are closed.