ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللّٰہ کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی توسیع ہو یا نئی تعیناتی، یہ وزیرِ اعظم کا اختیار ہے۔
حافظ حمد اللّٰہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہی اختیار عمران نیازی نے اگست 2019 میں استعمال کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آرمی رولز اور آئینی طریقہ کار موجود ہے، عمران خان کے بیان کی کوئی حیثیت نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس منصب پر سیاست کرنا ریاست کی سلامتی کیلئے خطرناک ہوسکتا ہے، یہ اہم تعیناتی عمران نیازی جیسوں کی پسند و ناپسند کی نذر نہیں کی جاسکتی۔
ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں تمام اداروں کے سربراہان ان کی مرضی کے مطابق ہوں، اُن کی یہ خواہش جمہوری قوتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے ہوتے ہوئے پوری نہیں ہوگی۔
حافظ حمد اللّٰہ کاکہنا تھا کہ تم سیاسی کھیل سے باہر ہو، تم ہو کون؟ تم کس کھیت کی مولی ہو؟ اپنی حیثیت کے مطابق بات کیا کرو، کیا پدی اور پدی کا شوربہ؟
انہوں نے مزید کہا کہ تم ریاست کو سیاست کیلئے اور پی ڈی ایم سیاست کو ریاست کیلئے استعمال کر رہی ہے، یہ فرق ہے لیڈر اور ایکٹر میں۔
Comments are closed.