سابق وزیر اعظم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے خلاف پرویز الہٰی کی درخواست پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر رد عمل دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نواز شریف نے اپنے پیغام میں تحریر کیا کہ ’پاکستان کو ایک تماشہ بنا دیا گیا ہے۔‘
سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں طنزیہ طور پر کہا کہ ’تینوں جج صاحبان کو سلام۔‘
واضح رہے سپریم کورٹ آف پاکستان نے پرویز الہٰی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں وزیر اعلیٰ پنجاب قرار دے دیا، جس کے بعد حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ پنجاب نہیں رہے۔
عدالت نے 11 صفحات پر مشتمل اس مختصر فیصلے میں قرار دیا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کا کوئی قانونی جواز نہیں، پنجاب کابینہ بھی کالعدم قرار دی جاتی ہے۔
عدالتِ عظمیٰ نے فیصلے میں کہا کہ حمزہ شہباز اور ان کی کابینہ فوری طور پر عہدہ چھوڑیں، آج رات 11:30 تک پرویز الہٰی بطور وزیراعلیٰ پنجاب حلف لیں۔
عدالت نے گورنر پنجاب کو پرویز الہٰی سے وزارتِ اعلیٰ کا حلف لینے کی ہدایت کی۔
سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا تھا کہ اگر گورنر پنجاب حلف نہیں لیتے تو صدر مملکت پرویز الہٰی سے حلف لیں۔
Comments are closed.