ہیری اور میگھن مارکل کا اوپرا ونفری کے ساتھ انٹرویو: ’ڈیانا نے یہ سب اکیلے کیسے برداشت کیا ہوگا؟‘
برطانوی شہزادے اور ڈیوک آف سسیکس ہیری نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے شاہی زندگی سے دستبردار ہونے کے فیصلہ سے قبل انھیں ’تاریخ خود کو دہراتی‘ نظر آ رہی تھی۔
امریکی ٹی وی شو میزبان اوپرا ونفری کے ساتھ آئندہ آنے والے ایک خصوصی انٹرویو کے اقتباسات میں شہزادہ ہیری نے کہا کہ اپنی اہلیہ میگھن کو ساتھ رکھنے سے انھیں ’سکون‘ ملا ہے۔
شہزادہ ہیری نے تین دہائیوں قبل اپنی والدہ شہزادی ڈیانا کی شاہی خاندان سے علیحدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ سوچ بھی نہیں سکتے‘ کہ ان کی والدہ کو تنہا کن کن حالات سے گزرنا پڑا ہو گا۔
یہ انٹرویو امریکہ میں 7 مارچ کو نشر کیا جا رہا ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ پروگرام، ’اوپرا ود میگھن اینڈ ہیری‘ برطانیہ میں کب دکھایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے
امریکی نیٹ ورک سی بی ایس کی جانب سے جاری کیے گئے پروگرام کے دو 30، 30 سیکنڈ کے کلپس میں میگھن مارکل نے کوئی بات نہیں کی۔
انٹرویو کے اقتباسات میں ہیری اوپرا کو بتاتے ہیں کہ ’میرے لیے سب سے بڑی فکر کی بات یہ تھی کہ میری آنکھوں کے سامنے تاریخ خود کو دہرا رہی تھی۔‘
انھوں نے کہا: ’میرے لیے سب سے سکون کی بات یہ ہے کہ میں یہاں اپنی بیوی کے ساتھ بیٹھا آپ سے باتیں کر رہا ہوں۔‘
جب پروگرام میں نوجوان ہیری کی اپنی والدہ شہزادی ڈیانا کے ساتھ تصویر دکھائی گئی تو شہزادے نے مزید کہا: ’میں یہ تصور بھی نہیں کر سکتا کہ وہ سال ان کے لیے کیسے تھے، جب وہ اس سب سے تنہا گزر رہی تھیں۔ ہم دونوں کے لیے بھی یہ انتہائی مشکل لمحہ تھا لیکن کم از کم ہم دونوں ساتھ تو تھے۔‘
شہزادی ڈیانا نے اگست 1996 میں شہزادہ چارلس سے طلاق کے شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ اس کے اگلے ہی برس وہ پیرس میں ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گئی تھیں۔
سی بی ایس کے مطابق شاہی جوڑے نے انٹرویو میں امریکہ منتقل ہونے اور اپنے مستقبل کے ارادوں کے بارے میں بات کی ہے۔
نیٹ ورک کے مطابق انٹرویو کے دوران میگھن نے ’شاہی زندگی کی ذمہ داریوں، شادی اور ماں بننے‘ کے حوالے سے بات کی اور بتایا کہ وہ بڑھتے ہوئے دباؤ کا کیسے سامنا کرتی ہیں۔
یہ انٹرویو امریکہ میں 7 مارچ کو نشر کیا جا رہا ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ پروگرام، ‘اوپرا ود میگھن اینڈ ہیری’ برطانیہ میں کب دکھایا جائے گا
اتوار کو جاری کی جانے والے ایڈیٹ شدہ کلپس میں اوپرا ونفری کو میگھن سے پوچھتے دیکھا جا سکتا ہے کہ آیا ان کی زندگی میں کوئی ایسا وقت آیا تھا جب ان کی بس ہو گئی تھی یا کوئی ایسا موقع جب انھیں چپ رہنا پڑا ہو تاہم میگھن کے جوابات نہیں دکھائے گئے۔
شہزادہ ہیری پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ انھوں نے شاہی زندگی سے دستبردار ہونے کا فیصلہ اپنے خاندان کو اس خراب ماحول سے بچانے کے لیے لیا جو برطانوی پریس نے ان کے لیے بنا دیا تھا۔
گذشتہ ہفتے ایک اور ٹی وی میزبان، جیمز کورڈن سے گفتگو کرتے ہوئے ہیری نے کہا تھا وہ دونوں شاہی عہدے سے ’دستبردار نہیں بلکہ پیچھے ہٹ رہے ہیں۔‘
ان کے مطابق یہ ماحول ان کی ’ذہنی صحت تباہ‘ کر رہا تھا اور انھوں نے وہی کیا ’جو کوئی بھی والد یا خاوند کرتا‘۔
گذشتہ ماہ اعلان کیا گیا تھا کہ ہیری اور میگھن شاہی خاندان کے فعال رکن نہیں رہے۔
جوڑے نے اس وقت کہا تھا کہ وہ ہمیشہ خدمت کرتے رہیں گے اور ان تمام اداروں کی حمایت کرتے رہیں گے جن کی وہ ترجمانی کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ اوپرا ونفری میگھن مارکل کی اچھی دوست ہیں اور وہ 2018 میں جوڑے کی شادی کی تقریب میں بھی شامل ہوئی تھیں۔
یہ واضح نہیں کہ ہیری اور میگھن نے اس انٹرویو کے حوالے سے شاہی خاندان کو آگاہ کیا تھا یا نہیں۔ شاہی خاندان نے اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
Comments are closed.