بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سعودی عرب کا بیرون ملک کے زائرین کو دوبارہ حج کی اجازت نہ دینے کا اعلان

سعودی عرب کا رواں برس بھی کووڈ 19 کے باعث بیرون ملک کے زائرین کو حج کی اجازت نہ دینے کا اعلان

حج

،تصویر کا ذریعہGetty Images

سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس بھی حج کو محدود رکھا جائے گا اور بیرون ملک زائرین کو حج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سعودی وزارت خارجہ نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر وزارت حج و عمرہ کا ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے رواں سال مجموعی طور پر 60 ہزار سعودی عرب کے شہریوں اور رہائش پذیر افراد کو حج ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ‘وزارت حج و عمرہ نے یہ فیصلہ عالمی سطح پر کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے اور لوگوں کی حفاظت اور صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس وقت کچھ احتیاطی اقدامات کیے ہیں۔‘

سعودی وزارت حج و عمرہ نے بیان میں زور دیا گیا کہ حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند شخص کا کسی بھی لاعلاج مرض میں مبتلا نہ ہونا، عمر 18 سے 65 سال کے درمیان ہونا اور سعودی عرب کے ویکسی نیشن اقدامات کے مطابق ویکسین شدہ ہونا ضروری ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’یہ فیصلہ سلطنت کی جانب سے حج اور عمرے کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی مسلسل کوشش کی بنیاد پر کیا گیا ہے جبکہ انسانی صحت اور حفاظت کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔‘

واضح رہے کہ 23 مئی کو سعودی عرب نے سال 2021 کے حج کے لیے کورونا وبا کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اور شرائط کا اعلان کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ 18 سال سے زائد عمر کے 60 ہزار ملکی اور غیر ملکی عازمین حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔

سعودی وزارت صحت کی جانب سے نو صفحات پر مشتمل دستاویز جاری کی گئی تھیں جن میں حج کے حوالے سے مختلف شرائط کا ذکر کیا گیا تھا۔

اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے سعودی عرب کے اس فیصلے کی حمایت کی ہے۔

او آئی سی کی جانب سے کی گئی ٹویٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’او آئی سی کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثيمين نے سعودی عرب کی وزارت حج کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔‘

او آئی سی

،تصویر کا ذریعہ@OIC_OCI

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث سعودی حکومت نے گزشتہ برس حج کو محدود رکھا تھا اور اس میں صرف 10 ہزار عازمین ہی شریک ہوئے تھے جو سعودی سلطنت میں مقیم تھے۔

یہ بھی پڑھیے

سعودی حکومت نے حج کی ادائیگی کے لیے کیا اصول وضع کیا ہیں؟

  • صرف سعودی عرب میں مقیم افراد اور سعودی شہریوں کو حج کی اجازت ہوگی اور ان کی تعداد 60 ہزار سے زیادہ نہیں ہوگی۔
  • حج کرنے والے افراد کی عمر 18 سے 65 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔
  • حج ادا کرنے کے لیے کوویڈ کی ویکسین لگوانا بھی لازمی ہے۔
  • حج ادا کرنے والوں کو کوئی سنگین بیماری یا صحت کا مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔

حج

،تصویر کا ذریعہGetty Images

خیال رہے کہ عام حالات میں ہر سال پوری دنیا سے لاکھوں مسلمان حج کرتے ہیں۔ کورونا وبا سے قبل سالانہ 25 لاکھ افراد حج کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے مکہ اور مدینہ کا رخ کرتے تھے جبکہ پورا سال عمرے کی ادائیگی بھی جاری رہتی تھی جس کی بدولت سعودی عرب کی معیشت کو سالانہ 12 ارب ڈالر کا براہ راست فائدہ ہوتا تھا۔

BBCUrdu.com بشکریہ
You might also like

Comments are closed.