مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ملک کو اس نہج پر عمران خان لے کر آیا، شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں اپنی طرف سے ایک روپے کا اضافہ نہیں کیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف نے ایک روپیہ پیٹرول پر ٹیکس نہیں لگایا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی پابند ہے، پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس لگانے کا معاہدہ کیا گیا تھا، پچھلے بجٹ میں پیٹرول پر لیوی اور سیلز ٹیکس بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ جو آئی ایم ایف کا معاہدہ تھا اس پر عمل کرنا تھا، یہ کڑوا گھونٹ اس حکومت کو پینا پڑ رہا ہے، گزشتہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی چار روپے ہر مہینے بڑھانے کا وعدہ کیا تھا، گزشتہ حکومت کے معاہدے کے مطابق پیٹرول کی قیمت 300 روپے ہونی چاہیے، ہماری مجبوری ہے کہ اگر معاہدہ توڑتے ہیں تو پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران خان نے جاتے جاتے جو تباہی مچائی اس سے نکلنے میں مہینوں یا سال لگ جائیں گے، وہ معیشت پر ایسا بوجھ ڈال گئے جسے اٹھانے کی معیشت میں ہمت نہیں ہے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ سوال یہ نہیں ہے کہ مداخلت ہوئی یا سازش ہوئی، عمران خان کہہ رہا ہے کہ سیاسی معاملہ ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کو بولنے کی ضرورت نہیں، اگر ایسا تھا تو عمران خان خود اس کو این ایس سی میں کیوں لے کر گئے۔
مریم نواز نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کوئی سیاسی بات نہیں کر رہے، وہ حقائق پر بات کررہے ہیں، عمران خان نے اپنی سیاست کے لیے پاکستان کی سیکیورٹی اور سیکیورٹی اداروں کو داؤ پر لگا دیا ہے، قوم سمجھ چکی ہے کہ وہ فراڈ تھا، اس پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو حکومت جاتی ہے وہ عوام کو اپنی کارکردگی بتاتی ہے، ان کے ارکان نے عوام کو بتایا کہ عمران خان جاتے جاتے نئی حکومت کے لیے بارودی سرنگیں بچھا کر گیا، یہ وہی 2019 کا معاہدہ ہے جو عمران خان کی حکومت آئی ایم ایف سے کر کے آئی تھی، ان کو پتا ہی نہیں تھا کہ معیشت کس طرح چلانی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور معیشت کو گروی رکھ کر انہوں نے آئی ایم ایف سے پیسے لیے، شہباز شریف بطور وزیر اعظم اس معاہدے کے پابند ہیں جو گزشتہ حکومت نے کیا، عمران خان کا خیال تھا کہ نہ کھیلوں گا نہ آنے والی حکومت کو کچھ کرنے دوں گا۔
مریم نواز نے کہا کہ جاتے جاتے جو فیصلہ کر گئے یہ جانتے تھے کہ ملک بحران میں چلا جائے گا، عمران خان پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جھوٹا ہے، ان کے جھوٹ کو توجہ دینے کی ضرورت نہیں۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا مشرف سے متعلق بیان انسانی بنیادوں پر تھا، میرے سامنے نواز شریف کو کراچی کی عدالت میں دو بار عمر قید کی سزا سنائی گئی، جلا وطنی کے دوران میرے دادا کا انتقال ہوا، میرے والد تدفین کیلئے نہ آسکے، سابق وزیر اعظم نے بڑے دل کا مظاہرہ کیا۔
مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کو شہید کیا گیا تو سب سے پہلے نواز شریف اسپتال پہنچے اور 2013 میں عمران خان جب کنٹینر سے گرے تو میرے والد اسپتال خبر گیری کیلئے گئے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی کا کہنا تھا کہ یہ اتحادیوں کی حکومت ہے، میں بھی اس کی نمائندگی کررہی ہوں، عمران خان کی جماعت کے مقابلے کیلئے میں اکیلی ہی کافی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو آگے کر کے خود ہیلی کاپٹر میں بیٹھنے سے انقلاب نہیں آیا کرتے، عمران خان کے خلاف ایک کے بعد ایک اسکینڈل سامنے آرہا ہے، ’منی گالہ‘ (بنی گالہ) گینگ کی فرنٹ پرسن فرح گوگی کے پاس پیسہ گیا، تاریخ کے سب سے بڑے ڈاکے عمران خان نے ڈالے، یہ باتیں چھپیں گی نہیں، سامنے آئیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے سال پاکستان اپنے مقررہ وقت پر انتخابات میں جائے گا، ووٹ کو عزت دو میرا آج بھی یہ بیانیہ ہے اور کل بھی رہے گا، ن لیگ کو کسی بیساکھیوں کی ضرورت نہیں، جس کو ضرورت تھی اس کو ملیں، جیسے ہی بیساکھیاں ہٹیں تو فتنہ خان (عمران خان) منہ کے بل گرا۔
Comments are closed.