وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کسی صورت ریاست مخالف سرگرمیوں کو برداشت نہیں کریں گے۔
کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، شرجیل انعام میمن، مرتضیٰ وہاب، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت و دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس کے ایجنڈے میں مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال شامل تھی، شرکاء نے دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کسی صورت ریاست مخالف سرگرمیوں کو برداشت نہیں کریں گے، پورے ملک، سندھ اور شہر کے امن و امان کی بحالی کے لئے قیمت ادا کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہم سخت اقدامات کر رہے ہیں۔
دوران اجلاس سیکریٹری داخلہ نے گزشتہ ایپکس کمیٹی اجلاس کے فیصلوں سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف مخالف بیانیہ قائم کرنے کیلئے کمیٹی بنائی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی میں گواہان کا ریکارڈ لینے کیلئے وٹنس روم قائم کئے گئے ہیں، سندھ میں 259 روم قائم ہوں گے، جن میں 12 قائم کئے گئے ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ چینی باشندوں کی سہولت کیلئے بختاور ایئرپورٹ کو بحال کرنے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) سے بات ہورہی۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ اسلحہ کی اسمگلنگ روکنے کیلئے کچے ایریاز میں پولیس تعینات کی گئی ہے، صوبے میں داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کی جاتی ہے۔
بریفنگ میںیہ بھی بتایا گیا کہ کچے کےعلاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کیلئے 500 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں، مجوزہ تمام سڑکوں پر جلد کام شروع ہوگا۔
Comments are closed.