لاہور: امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ الزامات کی سیاست میں ملک تباہی کی جانب گامزن ہے، ملک میں الیکشن اور سلیکشن کی تمیز ختم ہو چکی ہے۔
جماعت اسلامی (جے آئی) یوتھ کے صوبائی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت نااہل اور اپوزیشن اتحاد اپنی ذمہ داری سے مکمل غافل ہے، جماعت اسلامی سسٹم میں بہتری لانے کا مطالبہ کر رہی ہے، سیاسی جماعتیں اپنی ذمہ داری پوری کریں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے الیکشن ریفارمز کے لیے اب تک ایک قدم بھی نہیں اٹھایا،ضمنی انتخابات میں بدانتظامی مستقبل میں مزید خوفنا ک واقعات کی محض ایک جھلک ہیں، چارحلقوں میں ضمنی انتخابات میں جس طرح بد نظمی اور بد انتظامی ہوئی، اس سے الیکشن کمیشن اور انتظامیہ کی نااہلی واضح ہو گئی۔
سینیٹر سراج الحق نے مزید کہاکہ سوچناپڑے گا کہ آئندہ جنرل یا بلدیاتی الیکشنز میں الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری کس طرح پوری کرے گا۔ الیکشن کمیشن کو بااختیار، آزاد اور طاقتور ادارہ ہونا چاہیے، تمام بڑے اداروں میں تنزلی کا عمل جاری ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ امیر جماعت نے کہاکہ ملک پر اربوں ڈالر قرض کا بوجھ ہے،چترال سے کراچی تک عوام بدحال ہیں اور حکمرانوں کا گریبان پکڑنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں،پاکستان کو وڈیروں اور سرمایہ داروں کے چنگل سے آزادی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہیلتھ اور ایجوکیشن سیکٹر متاثر ہیں، مہنگائی، بے روزگاری کی وجہ سے عوام کا برا حال ہو چکا، زراعت، صنعت زوال پذیر ہیں، سابقہ اور موجودہ حکمرانوں نے لوگوں کو جھوٹے وعدوں اور دعوؤں سے ٹرخا کر صرف اپنے مفادات کو ترجیح دی ہے، حکمرانوں اور وڈیروں کے محلات میں عیاشیاں ہورہی ہیں جبکہ غریب کی جھونپڑی میں چولہا نہیں جلتا۔
Comments are closed.