چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ کوئی کام ٹھیک کرنے کی اس حکومت کی اوقات نہیں ہے۔
پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے احتساب عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک کیپٹن صفدر کے گرفتار ہونے پر بلاول بھٹو کو سخت غصہ آیا لیکن مردم شماری میں لوگ کم گنے گئے تو بلاول بھٹو کو غصہ نہیں آیا؟
انہوں نے کہا کہ سارا گیم تعصب کا چل رہا ہے، یہ متعصب پسند لوگ ہیں، اس سے کسی کا نقصان نہیں ہے بلکہ صرف پاکستان کا نقصان ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کی مردم شماری ٹھیک نہ ہوئی تو ملک میں کچھ ٹھیک نہیں ہوگا، پی ٹی آئی نے کراچی کا مینڈیٹ لے کر کراچی کی پیٹھ پر چھرا گھونپا ہے، جو غلط کام ہوا اس پر تو صحیح کی مہر نہ لگائیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ اسی بنیاد پر اگلی مردم شماری بھی غلط ہوگی، ساڑھے تین کروڑ لوگوں کے بجائے ڈیڑھ کروڑ کو پانی اور وسائل ملیں گے۔
چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں شہریوں کی تعداد کم اور ووٹرز کی تعداد زیادہ ہے، کراچی والوں کو ہوش کرنا چاہیے تبدیلی ایسے آئی ہے، ایم کیو ایم نے چوکیدار بن کر چوروں کے ساتھ مل کر شہر کو لوٹا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا میئر کرپشن کرکے باہر گھوم رہا ہے، جے آئی ٹیز میں ان کا نام ہے، را کے ایجنٹوں نے بتایا ہے انہوں نے کیا کچھ کیا ہے۔
مصطفیٰ کمال کہتے ہیں کہ کراچی کی آبادی کم ہونے سے پیپلز پارٹی کو فائدہ ہے، کیپٹن صفدر کی گرفتاری پر وزیر اعلیٰ سمیت سب نے پریس کانفرنس کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے دھواں دھار پریس کانفرنس کی کہ آرمی چیف کو فون کرنا پڑا، پھر ان کے دکھ کا مداوا کیا گیا۔
Comments are closed.