فریزیلے: اٹلی کی وہ روٹی جو ایک سال تک خراب نہیں ہوتی

آج کل جب کئی ملکوں کی حکومتیں لوگوں کو ہنگامی حالات کے لیے ضروری اشیا ذخیرہ کرنے کا مشورہ دے رہی ہیں، ایسے میں جنوبی اٹلی کی ایک روایتی روٹی خوراک کو طویل عرصے تک محفوظ رکھنے کے صدیوں پرانے طریقے کی یاد دلاتی ہے۔
پہلی بار جب میں اپنے شوہر کے گاؤں، سالینتو، پوگلیا گئی تو انھوں نے دھوپ سے مزین میز پوش پر دوپہر کا کھانا سجایا: ان میں سرخ ٹماٹروں کا ایک ڈھیر، پانی سے بھرا ایک پیالہ اور پتھر کی طرح سخت۔۔۔ بیگل نما روٹیوں کا ایک ڈھیر تھا۔ ایک ایسے شخص کے انداز میں جو آخرکار اپنے گھر لوٹ آیا ہو، انھوں نے ان روٹیوں کو پانی میں ڈبونا شروع کر دیا۔ انھوں نے جوش سے بتایا کہ یہ عجیب و غریب گول روٹیاں فریزیلے ہیں۔
فریزیلے کھانے سے پہلے انھیں تھوڑی دیر کے لیے پانی میں بھگویا جاتا ہے تاکہ وہ نرم ہو جائیں، لیکن ان کی خستگی برقرار رہے۔ اس طریقے کو مقامی زبان میں لا سپونزاتورا کہا جاتا ہے۔ اس کے بعد ان پر مختلف چیزیں ڈالی جاتی ہیں۔
میرے سسرالی رشتہ دار مقامی موٹے چھلکے والے ٹماٹروں (پومودوری دا پینولا) کا گودا روٹی پر نچوڑتے، پھر اس پر زیتون کے تیل میں محفوظ کی گئی مرچیں، گھر میں تیار کیے گئے کیپرز، جنگلی اوریگانو یا پودینے اور لہسن کے ساتھ محفوظ کیے گئے بینگن (میلانزانے سوٹ اولیو) رکھتے تھے۔
پوگلیا کے ہر گھر میں فریزیلے کھانے کا اپنا طریقہ ہے۔ لیکن دو بار بیک کی جانے والی یہ سادہ سی گول روٹیاں صرف ایک آسان کھانا نہیں۔ ایک زمانے میں یہی روٹیاں پورے علاقے کے لوگوں کے بہت کام آتی تھیں، کیونکہ یہ طویل عرصے تک خراب نہیں ہوتیں اور سفر میں آسانی سے ساتھ لے جائی جا سکتی تھیں۔
لہٰذا جب برطانیہ سے لے کر جاپان تک کی حکومتوں نے گھروں کو خراب نہ ہونے والی غذائی اشیا کا ہنگامی ذخیرہ رکھنے کی ترغیب دینا شروع کی تو میرے ذہن میں فوراً فریزیلے کا خیال آیا۔
پوگلیا میں لوگ نسلوں سے فریزیلے اپنی الماریوں میں محفوظ رکھتے آئے ہیں۔ آج بھی وہ انھیں اس وقت استعمال کرتے ہیں جب کھانا پکانے کے لیے موسم بہت گرم ہو یا جب انھیں جلدی اور آسان کھانا درکار ہو۔ ان کی غیر معمولی مدتِ تحفظ کا راز ان کی تیاری کے طریقے میں پوشیدہ ہے۔
جیانفرانکو پاریزی کے خاندان میں بیکنگ ایک خاندانی روایت ہے۔ ان کے دادا نے 20ویں صدی کے اوائل میں برِنڈیسی کے قریب سان پیئترو ورنوٹیکو میں لکڑی سے گرم ہونے والی ایک فورنو (بیکری) قائم کی تھی۔ یہ صرف روٹی پکانے کی جگہ نہیں تھی: لوگ اپنا آٹا اور میٹھے پکوان بھی یہاں لا کر پکواتے تھے، جبکہ سردیوں میں بزرگ شہری تنور کے گرد جمع ہو کر خود کو گرم رکھتے تھے۔ یہ خاندان پورے قصبے کے لیے بیکنگ کرتا تھا، جس میں روزانہ فریزیلے بھی تیار کیے جاتے تھے۔
اب ریٹائرڈ ہو جانے والے پاریزی نے بتایا: ’ہم ایک خاص آٹا استعمال کرتے تھے جس میں کھٹا خمیر بھی تھوڑی مقدار میں شامل ہوتا تھا، جس سے ان کا ذائقہ بہتر ہو جاتا تھا۔ ہم آٹے کی ایک لمبی پٹی بناتے، اسے تارالو (حلقے کی شکل والی روٹی) میں ڈھالتے، ایک کو دوسرے کے اوپر رکھتے اور تقریباً 40 منٹ تک انھیں جزوی طور پر بیک کرتے تھے۔ پھر ہم انھیں باہر نکال کر مڑی ہوئی تار سے دو حصوں میں کاٹ دیتے تھے۔‘
ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
اس تار سے کٹے ہوئے حصے کھردرے ہو جاتے تھے، جس سے وہ پانی اور ذائقے کو بہتر انداز میں جذب کر سکتے تھے۔ کاٹنے کے بعد فریزیلے کو دوبارہ تنور میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کے لیے رکھا جاتا تھا، جس سے ان میں موجود تقریباً تمام نمی ختم ہو جاتی تھی۔
عام روٹی کے برعکس، جس میں اتنی نمی موجود ہوتی ہے کہ پھپھوندی نشوونما پا سکے، مکمل طور پر خشک کیے گئے فریزیلے میں دستیاب نمی اتنی کم ہوتی ہے کہ پھپھوندی کا بڑھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ یہ پتھر کی طرح سخت بھی ہوتے ہیں؛ اگر آپ دانت ٹوٹنے سے بچنا چاہتے ہیں تو انھیں اچھی طرح بھگونا ضروری ہے۔
سمندر کنارے واقع گاؤں لینڈینوسو میں لکڑی سے گرم ہونے والی اپنی بیکری میں فریزیلے کو دو بار بیک کرنے والی روزاریا کانوچی کا کہنا ہے کہ اگر انھیں ہوا بند حالت میں، اندھیری اور خشک جگہ پر رکھا جائے تو یہ ایک سال تک محفوظ رہ سکتے ہیں۔
روایتی طور پر ان گول روٹیوں کو ڈوریوں میں پرو کر لٹکا دیا جاتا تھا، جس سے وہ نمی اور کیڑوں سے محفوظ رہتی تھیں۔ آج کانوچی انھیں احتیاط سے پلاسٹک کے تھیلوں میں بند کرتی ہیں اور شیلفوں پر رکھتی ہیں۔
اٹلی کے جوتے نما نقشے کی ایڑی پر واقع پوگلیا بحیرۂ روم میں آگے تک پھیلا ہوا ہے اور طویل عرصے سے ملاحوں اور کسانوں کی سرزمین رہا ہے۔ مشرق میں بحیرۂ ایڈریاٹک، جنوب میں بحیرۂ آیونیہ اور اندرونِ ملک زرخیز زرعی زمینوں کے باعث یہ ایک ایسا خطہ تھا جہاں لوگوں کو ایسی خوراک درکار ہوتی تھی جو طویل سفر اور گھر سے دور گزرنے والے دنوں میں بھی خراب نہ ہو۔ فریزیلے اپنی غیر معمولی مدتِ تحفظ کی وجہ سے اس ضرورت کے لیے موزوں تھے۔
خوراک کی مؤرخ فلاویا جیوردانو، جو Puglia: A Cooking Journey Through a Land and Its Unique Ingredients کی مصنفہ ہیں، بتاتی ہیں کہ ملاحوں کی جانب سے طویل سمندری سفر میں سخت روٹی ساتھ لے جانے کی روایت تقریباً دو ہزار برس پرانی ہے۔ وہ محقق پریڈراگ ماتوییویچ کا حوالہ دیتی ہیں، جنھوں نے لکھا کہ پلینی دی ایلڈر نے پہلی صدی عیسوی میں پانیس ناوٹیکس، یعنی دو بار بیک کی جانے والی ملاحوں کی روٹی، کا ذکر کیا تھا۔
وہ وضاحت کرتی ہیں: ’دو بار بیک کی جانے والی یہ روٹی طویل سمندری سفروں کے دوران بقا کے لیے ناگزیر تھی، اور بعد میں پوگلیا کی بندرگاہوں کے راستے مقدس سرزمین جانے والے صلیبیوں، زائرین اور مہم جوؤں کی بنیادی غذا بن گئی۔‘
تاہم فریزیلے بنانے میں استعمال ہونے والے اناج بھی پوگلیا کی بدلتی ہوئی معاشی حالت کی کہانی سناتے ہیں۔ پاریزی کو یاد ہے کہ 1960 کی دہائی میں لوگ اورزو (جو) سے بنے فریزیلے نہیں خریدتے تھے کیونکہ اسے غریبوں کی خوراک سمجھا جاتا تھا۔
وہ کہتے ہیں کہ ’لوگ ایسی غربت سے نکل رہے تھے جہاں انھیں ہر چیز کھانی پڑتی تھی، اور اسی لیے وہ امیر لوگوں کی طرح بہتر کھانا کھانا چاہتے تھے۔ گندم زیادہ نرم اور نفیس سمجھی جاتی ہے۔‘
آج صورتِ حال بالکل الٹ چکی ہے۔ جو سے بنے فریزیلے تیزی سے فروخت ہوتے ہیں اور انھیں روایتی ڈورم گندم سے بنے فریزیلے کے مقابلے میں زیادہ صحت بخش اور بہتر متبادل سمجھا جاتا ہے۔ یہ زیادہ خستہ بھی ہوتے ہیں، اور یہ یقیناً میرے پسندیدہ ہیں۔
پوگلیا کی بیکریاں آج بھی صرف دکان نہیں بلکہ ایک منزل کی حیثیت رکھتی ہیں، اگرچہ اب سردیوں میں تنور کے پاس بیٹھ کر خود کو گرم کرنے والے بزرگ وہاں نظر نہیں آتے۔ مقبول بیکریوں پر صبح کے وقت تازہ بیک کی گئی روٹی خریدنے والوں کی قطاریں لگی ہوتی ہیں۔ لوگ سائیکلوں پر آتے ہیں اور اپنی سائیکلیں باہر بغیر تالے کے چھوڑ دیتے ہیں، جہاں اکثر پھلوں اور سبزیوں کا ایک سٹال بھی موجود ہوتا ہے۔
اندر، فوکاچا کے ڈھیروں اور پوگلیا کی سو سے زیادہ اقسام کی روٹیوں کے ساتھ شیلفوں پر فریزیلے کے پیکٹ سجے ہوتے ہیں۔ اب یہ سپیلٹ اور ملٹی گرین اقسام میں بھی دستیاب ہیں، اور بعض اوقات ان میں سونف کے بیج یا پیپرونچینو بھی شامل کیا جاتا ہے۔
اور اب ایک نئی نسل انھیں پیش کرنے کے نت نئے طریقے اختیار کر رہی ہے۔ لیچے میں واقع لا پوتیا نامی ڈیلیکیٹیسن میں شیف فرانسسکو پالادینو 'ڈی کنسٹرکٹڈ فریزیلے' تیار کرتے ہیں۔ وہ روٹی کو ٹکڑوں میں توڑ کر اسے پاساتا کے ساتھ ملاتے ہیں، پھر اسے دوبارہ شکل دیتے ہیں اور اس پر تازہ ٹماٹر، پروشیوٹو اور آرٹچوک رکھتے ہیں۔ دوسری جگہوں پر چھوٹے سائز کے فریزیلّینے بھی مقبول ہیں جن کے آٹے میں اکثر ہلدی جیسے مصالحے شامل کیے جاتے ہیں۔ یہ نسبتاً باریک اور ہلکے ہوتے ہیں، اس لیے انھیں پانی میں بھگونے کی ضرورت نہیں پڑتی اور ان پر براہِ راست زیتون کا تیل اور ٹماٹر ڈال کر کھایا جا سکتا ہے۔
اگرچہ فریزیلے کا سب سے گہرا تعلق پوگلیا سے ہے، لیکن انھیں پورے جنوبی اٹلی میں کھایا جاتا ہے، اور بعض اوقات حیرت انگیز طور پر مختلف انداز میں بھی۔ مثال کے طور پر، سسلی میں بعض لوگ ناشتے میں انھیں دودھ میں ڈبو کر کھاتے ہیں۔
اپنی کتاب فوڈ آف دی اٹالین ساؤتھ میں کیٹی پارلا ایک ایسے انداز کا ذکر کرتی ہیں جس سے میں پہلے کبھی واقف نہیں تھی: کاپوناتا کون فریزیلے، جس میں روٹی کو ٹکڑوں میں توڑ کر سلاد میں ملایا جاتا ہے، بالکل پانتسانیلا کی طرح۔
وہ مجھے بتاتی ہیں: ’کامپانیا میں اس سے ملتی جلتی ایک روایت موجود ہے، جہاں کاپوناتا ناپولیتانا میں نرم کیے گئے فریزیلے کو ایک گرمیوں کی ڈش کی بنیاد کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، جس میں ٹماٹر، زیتون اور دیگر اجزا شامل کیے جاتے ہیں۔‘
مجھے یہ بہت مزیدار لگتا ہے، لیکن جب میں نے یہ تجویز اپنے سالینتو سے تعلق رکھنے والے شوہر کو دی تو وہ خاصے مشکوک نظر آئے۔ وہ کبھی یہ تصور بھی نہیں کر سکتے کہ اپنے فریزیلے توڑ کر سلاد میں ڈال دیں۔ لیکن علاقائی اطالوی پکوانوں کی یہی خاص بات ہے۔
ان تمام جدتوں کے باوجود، فریزیلے اب بھی ایک اطمینان بخش حد تک سادہ غذا ہیں۔ تھوڑا سا پانی، چند ٹماٹر، کچھ زیتون کا تیل، اور کئی ماہ پہلے بیک کی گئی روٹی ایک ایسے کھانے میں بدل جاتی ہے جو کسی بھی بحران کے دوران آپ کا سہارا بن سکتی ہے۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔
بشکریہ بی بی سی اردو