’کمنز کی پریس کانفرنس نے مجھے غصہ دلایا‘: سینڈ پیپر سکینڈل پر سزا پانے والے بینکرافٹ کے نئے انکشافات

آسٹریلوی کرکٹر کیمرون بینکرافٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ سنہ 2018 کے متنازع ’سینڈ پیپر‘ منصوبے سے آسٹریلیا کی پوری ٹیم آگاہ تھی اور ان کے اس انکشاف سے ٹیم کے موجودہ کپتان پیٹ کمنز پر دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔
اخبار دی ویسٹ آسٹریلین میں شائع ہونے والے ایک تفصیلی بیان میں بلے باز کیمرون بینکرافٹ، جو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران سینڈ پیپر رکھنے کے الزام میں پکڑے گئے تھے، نے آٹھ سال قبل کیپ ٹاؤن میں پیش آنے والے واقعات کے بارے میں غالباً اب تک کی سب سے جامع روداد بیان کی ہے۔
بینکرافٹ کا کہنا ہے کہ ’سنہ 2018 میں پوری سچائی سامنے نہیں آئی تھی۔ جو کچھ ہوا، اس کے بارے میں، میں نے کبھی مکمل طور پر سچ نہیں بولا۔‘
خیال رہے گذشتہ دو ہفتوں سے عثمان خواجہ کی کتاب کی اشاعت کے بعد سے آسٹریلوی کرکٹ ایک بار پھر گیند سے چھیڑ چھاڑ کے سکینڈل پر بحث کی لپیٹ میں ہے۔
عثمان خواجہ نے اپنی خودنوشت میں لکھا کہ اس منصوبے کے بارے میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم کو علم تھا اور ان کے اس دعوے کی تائید ڈیوڈ وارنر اور چیڈ سیئرز نے بھی کی ہے۔ تاہم پیٹ کمنز نے خواجہ کے بیان کو ’غلط‘ اور ’بے بنیاد‘ قرار دیا ہے۔
جس روز کرکٹ آسٹریلیا نے سینڈ پیپر سکینڈل کے معاملے پر ایک فورم منعقد کرنے کا اعلان کیا، اسی روز بینکرافٹ نے اپنا تفصیلی بیان شائع کیا۔ انھوں نے کہا کہ وہ یہ مؤقف سامنے لانے پر کمنز کی نیوز کانفرنس کے بعد آمادہ ہوئے۔
بینکرافٹ کہتے ہیں کہ ’یہ تفصیلی بیان لکھنے کا آخری محرک آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کی پریس کانفرنس تھی۔‘
’اس نے مجھے غصہ دلایا، مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے میں نے دھوکہ کھایا ہے اور میں نے خود کو تنہا محسوس کیا۔‘
’میرا ذاتی تجربہ اور مشاہدہ، اور جنوبی افریقہ کے اس دورے پر موجود دیگر افراد کی یادداشتیں، اس بیانیے سے مطابقت نہیں رکھتیں جو پیٹ کمنز نے اپنی حالیہ پریس کانفرنس اور اس سے قبل کے بیانات میں پیش کیا ہے۔‘
اوپننگ بلے باز کیمرون بینکرافٹ کو اس منصوبے میں اپنے کردار پر نو ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس سکینڈل کے بعد سٹیو سمتھ سے آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی واپس لے لی گئی تھی اور انھیں ایک سال کے لیے معطل کر دیا گیا تھا، جبکہ اسی مدت کی پابندی نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر بھی عائد کی گئی تھی۔
تاہم کسی دوسرے کھلاڑی یا کوچ کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہیں کی گئی تھی۔
اپنے چار ہزار سے زائد الفاظ پر مشتمل بیان میں بینکرافٹ نے متعدد اہم دعوے کیے ہیں:
عثمان خواجہ کی کتاب اور اس کے بعد ڈیوڈ وارنر اور فاسٹ بولر چیڈ سیئرز کے بیانات نے سینڈ پیپر سکینڈل سے جڑے پرانے تنازعے کو ایک بار پھر زندہ کر دیا ہے۔
تاہم اس معاملے سے وابستہ بیشتر شخصیات گذشتہ آٹھ برسوں کے دوران اپنے پیش کردہ مؤقف پر قائم رہی ہیں۔
سب سے اہم تردید موجودہ کپتان پیٹ کمنز کی جانب سے سامنے آئی، جنھوں نے سڈنی میں میڈیا سے 68 منٹ طویل غیر معمولی گفتگو کے دوران عثمان خواجہ کے دعوؤں کو مسترد کر دیا تھا۔ ڈیرن لیمن اور مچل سٹارک بھی اپنے سابقہ مؤقف کا اعادہ کر چکے ہیں۔
اب بینکرافٹ کی جانب سے سامنے لائی گئی تفصیلی روداد اس تنازعے پر ایک نئی روشنی ڈال سکتی ہے اور پیٹ کمنز، ڈیرن لیمن اور کرکٹ آسٹریلیا کے لیے مزید سوالات کھڑے کر سکتی ہے۔
پیٹ کمنز کی قیادت میں آسٹریلیا کی ٹیم 9 دسمبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں میدان میں اترنے والی ہے۔
کمنز کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم کیم (بینکرافٹ) کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں اور ان تمام حالات کو بھی سمجھتے ہیں جن سے وہ گزرے ہیں، تاہم ان کے بیان میں ایسی کوئی بات نہیں جو پیٹ اپنی پریس کانفرنس میں پہلے ہی واضح نہ کر چکے ہوں۔‘
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ہم اس بات کا احترام کرتے ہیں کہ کیمرون بینکرافٹ نے اپنا مؤقف اور اپنا تجربہ بیان کیا ہے اور ہم ان کے تبصروں پر غور کرنے کے لیے وقت لیں گے۔‘
’ہم سمجھتے ہیں کہ 2018 کے واقعات کے کئی مختلف پہلو اور زاویے ہو سکتے ہیں، اسی لیے ہم نے ایک فورم قائم کیا ہے تاکہ اس معاملے سے متعلق افراد اپنے اپنے مؤقف اور واقعات بیان کر سکیں۔‘
’ہم فورم کے طریقۂ کار اور دائرۂ کار کو حتمی شکل دے رہے ہیں اور یہ عمل جلد از جلد شروع کیا جائے گا۔‘
اپنے بیان میں بینکرافٹ کہتے ہیں کہ ’گذشتہ آٹھ برس سے میں جوابدہی، دیانت داری اور آسٹریلوی کرکٹ کے تاریک ترین ادوار میں سے ایک سے حاصل ہونے والے اسباق کے بارے میں بات کرتا رہا ہوں۔‘
’لیکن 2018 میں پوری حقیقت سامنے نہیں آئی تھی۔ جو کچھ ہوا، اس کے بارے میں میں نے کبھی مکمل سچ نہیں بتایا۔‘
’یہ صرف ہم تین افراد، یعنی سٹیو سمتھ، ڈیوڈ وارنر اور میں، ہی نہیں تھے جنھیں جنوبی افریقہ میں گیند پر سینڈ پیپر استعمال کرنے کے بارے میں علم تھا، بلکہ پوری ٹیم اس سے واقف تھی۔‘
’جب کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات کے دوران مجھ سے پوچھ گچھ کی گئی تو میں نے واقعات کی مکمل اور درست تفصیلات فراہم نہیں کیں۔‘
’میں نے جان بوجھ کر بعض اہم حقائق چھپائے، جن میں یہ باتیں شامل تھیں کہ سینڈ پیپر کا استعمال کب شروع ہوا، یہ کتنے عرصے تک جاری رہا اور اس معاملے میں دوسرے افراد کا کردار اور ان کی آگاہی کس حد تک تھی۔‘
’میں نے ایسا اس لیے کیا تاکہ کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات کو نقصان نہ پہنچے اور میرے اردگرد موجود دوسرے لوگ اس معاملے میں نہ الجھیں۔‘
بینکرافٹ مزید کہتے ہیں کہ دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام پر اور تیسرے روز کے آغاز سے پہلے ان کی کارروائیوں پر پوری ٹیم میں بات ہوئی تھی اور سب اس سے آگاہ تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انھیں ڈیوڈ سیکر کی جانب سے حوصلہ افزائی بھی حاصل تھی، جو بعد ازاں انگلینڈ کی ٹیم کے ساتھ بطور کنسلٹنٹ کام کر چکے ہیں۔
بینکرافٹ کے مطابق ٹیم میں واحد شخصیت جنھوں نے گیند سے چھیڑ چھاڑ پر بے چینی کا اظہار کیا، وہ میڈیا منیجر کیٹ ہچیسن تھیں۔
بینکرافٹ کے مطابق ’مجھے کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کے ارکان کی جانب سے سراہا گیا اور حوصلہ افزائی کی گئی، خصوصاً ڈیوڈ سیکر کی طرف سے۔‘
’ہماری میڈیا منیجر کیٹ ہچیسن نے جو کچھ ہو رہا تھا اس پر اپنا اعتراض ظاہر کیا تھا۔‘
’مجھے یاد ہے کہ انھوں نے واضح طور پر کہا تھا کہ ان کے خیال میں یہ غلط ہے، وہ اس معاملے کا حصہ نہیں بننا چاہتیں اور پھر وہ اس گفتگو سے اٹھ کر چلی گئی تھیں۔‘
’میں یہ منظر کبھی نہیں بھول سکتا۔ کسی نے آواز اٹھائی تھی۔‘
’کسی نے یہ ثابت کر دیا تھا کہ ٹیم کا حصہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ ٹیم کی ہر بات یا ہر عمل کو قبول کریں۔ اور میں نے اس بات کو نظرانداز کر دیا تھا۔‘
بینکرافٹ نے کہا کہ عثمان خواجہ کی جانب سے جس کوچ کا ذکر کیا گیا تھا، جنھوں نے کیپ ٹاؤن میں تیسرے ٹیسٹ کے دوران انھیں گیند پر مزید کام کرنے کی ترغیب دی، وہ ڈیوڈ سیکر تھے۔
33 سالہ بینکرافٹ نے کہا کہ وہ اس معاملے میں تمام فاسٹ بولرز اور وکٹ کیپر ٹم پین سے ’فیڈ بیک‘ لیتے رہے تھے۔ بعد میں سٹیو سمتھ کی برطرفی کے بعد ٹم پین نے آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی سنبھالی تھی۔
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران امپائروں نے بینکرافٹ سے اس وقت پوچھ گچھ کی جب ٹی وی کیمروں میں انھیں اپنے ٹراؤزر میں سینڈ پیپر چھپاتے ہوئے دکھایا گیا۔
بینکرافٹ کا دعویٰ ہے کہ اس وقت کے ہیڈ کوچ ڈیرن لیمن نے پیٹر ہینڈسکومب کے ذریعے انھیں ایک پیغام بھجوایا تھا۔
بینکرافٹ نے اپنے مضمون میں لکھا کہ ’جب میں پکڑا گیا اور میں نے سینڈ پیپر اپنے ٹراؤزر میں چھپا لیا تو ڈرنکس بریک کے دوران پیٹر ہینڈسکومب میدان میں دوڑتے ہوئے آئے۔‘
’انھوں نے مجھ سے کہا ’میرا خیال ہے اب وقت آ گیا ہے کہ یہ چیز (سینڈ پیپر) میں آپ سے لے لوں۔‘ پیٹر ہینڈسکومب صرف اپنا کام کر رہے تھے، کیونکہ بوف (ڈیرن لیمن) نے واکی ٹاکی پر انہیں کہا تھا 'بینجرز (بینکرافٹ) سے سینڈ پیپر ابھی لے لو۔‘
’اگر انھیں معاملے کا علم نہ ہوتا تو وہ ایسی بات نہ کرتے۔ اور اگر اس سے پہلے صورتحال پوری طرح واضح نہیں بھی تھی، تو اس لمحے سب کچھ بالکل عیاں ہو گیا تھا۔‘
2021 میں بینکرافٹ کاؤنٹی کرکٹ میں ڈَرہم کی نمائندگی کر رہے تھے۔ اسی دوران دی گارڈین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا تھا کہ اس سکینڈل میں بولرز کی شمولیت ’خود ہی واضح‘ تھی۔
اس کے جواب میں پیٹ کمنز، مچل سٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور سپنر نیتھن لیون نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا تھا، جس میں انھوں نے اس بات کی تردید کی تھی کہ انہیں گیند سے چھیڑ چھاڑ کیے جانے کا کوئی علم تھا۔
بینکرافٹ کہتے ہیں کہ ’اس بیان کو پڑھنا میرے لیے انتہائی تکلیف دہ تھا۔‘
’مجھے پورٹ الزبتھ اور نیولینڈز میں میدان کے اندر ہونے والی گفتگو یاد آ گئی، گیند کے بارے میں دی جانے والی آرا اور وہ مشترکہ خوشی کے لمحات بھی، جن کی وجہ سے اس بیان کو قبول کرنا اور ہضم کرنا میرے لیے بہت مشکل تھا۔‘
عثمان خواجہ کی خودنوشت میں کیے گئے انکشافات کے بعد گذشتہ تقریباً دو ہفتوں سے آسٹریلوی کرکٹ ایک بار پھر اندرونی اختلافات اور بحث کا شکار ہے۔
تاہم اب تک ایسا کوئی ٹھوس اور فیصلہ کن ثبوت سامنے نہیں آیا تھا جو معاملے کا رخ یکسر بدل دیتا۔ نئے شواہد کی عدم موجودگی میں صورتحال دعوؤں اور جوابی دعوؤں تک محدود رہی۔
فطری طور پر توجہ پیٹ کمنز پر مرکوز ہوئی کیونکہ وہ کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے اس ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلیا کے بولنگ اٹیک کا حصہ تھے اور بعد کے برسوں میں قومی ٹیم کے کپتان بھی بن گئے۔
گذشتہ ہفتے میڈیا کے سامنے ان کی کارکردگی غیرمعمولی تھی۔ براہِ راست نشریات میں انھوں نے 68 منٹ تک سوالات کا سامنا کیا اور اپنے جوابات میں پراعتماد دکھائی دیے۔
تاہم عثمان خواجہ کے مؤقف کو جس شدت سے انھوں نے مسترد کیا اور ’بے بنیاد‘ قرار دیا، اس کے ساتھ انھوں نے خود کو اس خطرے سے بھی دوچار کر لیا کہ اگر بعد میں ثابت ہوا کہ وہ مکمل سچ نہیں بتا رہے تھے تو اس کے نتائج انہیں بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ کمنز کی اسی پریس کانفرنس نے بالآخر کیمرون بینکرافٹ کو خاموشی توڑنے پر آمادہ کیا۔
یہ بات واضح رہنی چاہیے کہ بینکرافٹ کا بیان ایسا قطعی اور ناقابلِ تردید ثبوت نہیں جس کی بنیاد پر پیٹ کمنز یا 2018 میں نیولینڈز کے ڈریسنگ روم میں موجود کسی اور شخص کو قصوروار قرار دیا جا سکے۔
تاہم یہ بلا شبہ اس تنازعے میں ملوث کسی بھی فرد کی جانب سے سامنے آنے والی اب تک کی سب سے مفصل روداد ہے، جس میں مبینہ منصوبے کی ابتدا، اس پر عمل درآمد اور اس کے بعد کے نتائج کو مرحلہ وار بیان کیا گیا ہے۔ بینکرافٹ نے متعدد افراد کے نام بھی لیے ہیں، جن میں پیٹ کمنز، دیگر بولرز، ٹم پین، ہیڈ کوچ ڈیرن لیمن اور معاون کوچ ڈیوڈ سیکر شامل ہیں۔ ممکن ہے یہی بیان اس پوری کہانی کا وہ اہم موڑ ثابت ہو جو اس تنازعے کو ایک نئی سمت دے۔
اتفاق ہو یا منصوبہ بندی، یہ بیان اسی روز سامنے آیا جب کرکٹ آسٹریلیا نے سینڈ پیپر تنازعے سے متعلق شواہد اور بیانات جمع کرنے کے لیے ایک فورم قائم کرنے کا اعلان کیا۔
بینکرافٹ کے انکشافات سے پہلے کرکٹ آسٹریلیا کا یہ اقدام ایک ادھورا حل محسوس ہو رہا تھا۔ یہ باقاعدہ تحقیقات نہیں تھیں اور نہ ہی اس بات کی کوئی ضمانت دی گئی تھی کہ اس عمل سے حاصل ہونے والے نتائج عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔
اب آگے کیا ہوگا؟ کیا کرکٹ آسٹریلیا اس معاملے پر مزید پیش رفت کرے گی؟ بینکرافٹ کی جانب سے نام لیے جانے والے افراد کیا جواب دیں گے؟ اور پیٹ کمنز نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی قیادت کیسے کریں گے؟ کیا سٹیو سمتھ عثمان خواجہ کی کتاب کی اشاعت کے بعد اختیار کی گئی خاموشی توڑیں گے؟
گذشتہ دو ہفتوں کے دوران یہ تاثر موجود رہا کہ آسٹریلوی کرکٹ شاید امید کر رہی تھی کہ سینڈ پیپر سکینڈل پر جاری بحث وقت کے ساتھ خود ہی ختم ہو جائے گی۔ پیٹ کمنز نے تو یہاں تک کہا تھا کہ وہ اس معاملے پر دوبارہ بات نہیں کرنا چاہتے۔
لیکن یہ تنازعہ دبنے کے بجائے مزید شدت اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ اب کیمرون بینکرافٹ کے غیرمعمولی انکشافات کے بعد حقیقت جاننے کی طلب پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں
بشکریہ بی بی سی اردو