جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ثاقب خان کی پہلے ٹیسٹ میں سات وکٹیں: ’جب ٹیم میں میرا نام آیا تو امی ابو رونے لگے‘

کھیل
ثاقب خان کی پہلے ٹیسٹ میں سات وکٹیں: ’جب ٹیم میں میرا نام آیا تو امی ابو رونے لگے‘

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کرنے والے پاکستانی فاسٹ بولر ثاقب خان نے اپنی پہلی ہی اننگز میں سات وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بولر ہیں۔

سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے پہلی اننگز میں 446 رنز بنا کر پاکستان کے 434 رنز کے جواب میں 12 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے اور اس وقت پاکستان کی دوسری اننگز جاری ہے۔

راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے فاسٹ بولر ثاقب خان نے یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات وکٹیں حاصل کیں۔ یوں انھوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے سفر کا شاندار آغاز کیا۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، 'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

ثاقب خان نے ٹیسٹ ڈیبیو پر 130 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کیں۔

31 سالہ ثاقب خان کو راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اور انھوں نے ڈیبیو میچ ہی میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔ وہ ان چار کھلاڑیوں میں شامل تھے جنھیں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف اس میچ میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ کیپ دی تھی۔

میچ کے دوران ثاقب خان نے سری لنکن بیٹنگ لائن کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ انھوں نے اپنے پہلے بین الاقوامی شکار کے طور پر تجربہ کار بلے باز دنیش چندیمل کو آؤٹ کیا جبکہ بعد ازاں لاہیرو ادارا سمیت دیگر اہم بلے بازوں کی وکٹیں حاصل کرتے ہوئے سات شکار مکمل کیے۔

فرسٹ کلاس کرکٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی کے بعد قومی ٹیم میں جگہ بنانے والے ثاقب خان پہلے ہی ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے تھے۔ قائداعظم ٹرافی 2025-26 میں کراچی بلیوز کی کامیابی میں انھوں نے اہم کردار ادا کیا تھا، جہاں نو میچوں میں 47 وکٹیں حاصل کر کے توجہ حاصل کی۔

کرکٹ مبصرین کے مطابق نسبتاً پختہ عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ثاقب خان کی کامیابی اس بات کی مثال ہے کہ ڈومیسٹک سطح پر مستقل مزاجی اور محنت بالآخر قومی سطح پر موقع فراہم کر سکتی ہے۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں سات وکٹوں کی یہ کارکردگی نہ صرف ان کے لیے ذاتی طور پر ایک بڑا سنگِ میل سمجھی جا رہی ہے بلکہ اس نے پاکستان کے فاسٹ بولنگ وسائل میں ایک نئے نام کا اضافہ بھی کر دیا ہے۔ ثاقب خان نے خود اپنے مشکل سفر کے بارے میں تفصیلات بتائی ہیں۔

سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں

راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں سات وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستان کے فاسٹ بولر ثاقب خان کی کامیابی کے پیچھے برسوں کی محنت، انتظار اور جدوجہد کی کہانی بھی شامل ہے۔

31 سالہ ثاقب خان نے راولپنڈی ٹیسٹ میں یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکن بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا اور اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز سات وکٹوں کے ساتھ کیا۔ تاہم ان کا سفر اتنا آسان نہیں تھا جتنا یہ کارکردگی دکھائی دیتی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں ثاقب خان نے بتایا کہ انھوں نے اپنے کرکٹ کریئر کے ابتدائی تین سے چار سال ٹیپ بال کرکٹ کھیلتے ہوئے گزارے۔ اگرچہ وہ کبھی کبھار ہارڈ بال کرکٹ بھی کھیلتے تھے، لیکن باقاعدہ تربیت اور مواقع انھیں بعد میں میسر آئے۔

ثاقب کے مطابق ان کی زندگی کا ایک اہم موڑ وہ تھا جب ان کے والد نے ان سے پوچھا کہ 'کرکٹ کھیلنی ہے یا نوکری کرنی ہے؟‘ اس سوال نے انھیں اپنے مستقبل کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنے پر مجبور کیا۔

انھوں نے بتایا کہ اس کے بعد اپنے علاقے کی ایک مقامی اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی، جہاں سے ان کے باقاعدہ کرکٹ کے سفر کا آغاز ہوا۔

ثاقب خان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں جگہ بنانے اور خود کو منوانے کے لیے غیر معمولی محنت کرنا پڑتی ہے اور انھیں بھی یہی مرحلہ طے کرنا پڑا۔

'مجھے بہت محنت کرنا پڑی، لیکن اس دوران سیکھنے کے بے شمار مواقع بھی ملے۔'

انھوں نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ اپنے خاندان کو دیتے ہوئے کہا کہ والدین، بہنوں اور بڑے بھائی نے ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی کی اور مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا۔

ثاقب خان نے بتایا کہ جب قومی ٹیم کے لیے ان کا انتخاب ہوا تو یہ لمحہ ان کے خاندان کے لیے انتہائی جذباتی تھا۔ 'جب پاکستانی ٹیم میں میرا نام آیا تو امی ابو بہت رو رہے تھے۔'

قومی ٹیم میں جگہ ملنے سے قبل انھیں اندازہ تھا کہ چند اہم ڈومیسٹک میچز ان کے کریئر کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔

ان کے بقول، 'مجھے پتا تھا کہ کچھ میچز میرے لیے بہت اہم ہیں۔ میں نے وہاں اچھی پرفارمنس دے کر سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے کی کوشش کی۔'

ثاقب خان کی کارکردگی کے بعد سوشل میڈیا پر ’ڈریم ڈیبیو‘ کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا۔

ہارکرکسز نامی صارف نے لکھا کہ ’اگر طحہٰ ایک اور سعود دو کیچ نہ چھوڑتے تو وہ اپنے پہلے ہی میچ میں آٹھ وکٹیں حاصل کر سکتے تھے۔‘

ایک صارف نے لکھا کہ ’31 سال کی عمر میں ڈیبیو اور پہلی اننگز میں سات وکٹیں، یہ ثابت کرتا ہے کہ محنت کبھی ضائع نہیں جاتی۔‘ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا ’پاکستان کو ایک اور مؤثر فاسٹ بولر مل گیا ہے۔‘

سلمان نامی صارف نے مشورہ دیا کہ ’ثاقب خان کو صرف ٹیسٹ کرکٹ تک محدود رکھنا چاہیے، نوجوان کھلاڑیوں کی طرح انھیں جلدبازی میں تمام فارمیٹس میں نہ کھلایا جائے۔‘

ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ’ثاقب خان برسوں سے ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی دکھا رہے تھے اور آخرکار انھیں بڑے سٹیج پر موقع ملا۔ لوگوں نے ان کی بولنگ، رفتار اور تقریباً ہر چیز پر تنقید شروع کر دی۔ ثاقب خان کا جواب؟ سات وکٹیں۔

’سب سے اہم بات یہ کہ انھوں نے سری لنکا کو پہلی اننگز میں بڑی برتری حاصل کرنے سے بھی روک دیا۔‘

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔

بشکریہ بی بی سی اردو