شیخ حسینہ کی بنگلہ دیش واپسی کے لیے پاسپورٹ کے اجرا کی درخواست: وہ معاملہ جو ڈھاکہ اور نئی دہلی کے لیے دردِ سر بنا ہوا ہے

بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے انڈیا میں خود ساختہ جلاوطنی ختم کر کے ڈھاکہ واپس آنے کے لیے نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے اجرا کی درخواست دی ہے۔
یہ درخواست انھوں نے لندن کی میٹرکس چیمبرس لا فرم کے ایک وکیل کے ذریعے نئی دہلی میں واقع بنگلہ دیشی ہائی کمیشن میں دائر کی ہے۔
اس درخواست میں وکیل نے استدعا کی ہے کہ اُن کی موکلہ (شیخ حسینہ) کے نئے بنگلہ دیشی پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے اجرا کے لیے مطلوبہ اقدامات کیے جائیں۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، 'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نئی دہلی میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن نے بی بی سی اُردو کو بتایا ہے کہ انھیں شیخ حسینہ کے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے اجرا کی درخواست موصول ہوئی ہے جسے بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ کو مزید کارروائی کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
اگست 2024 میں اپنی حکومت کے خلاف ملک گیر عوامی تحریک کے نتیجے میں معزول ہونے والی سابق وزیر اعظم حسینہ واجد ڈھاکہ سے فرار ہو کر دلی پہنچی تھیں اور وہ گذشتہ دو سال سے زیادہ عرصہ سے دلی میں ہی کسی نامعلوم مقام پر رہائش پذیر ہیں۔
شیخ حسینہ کی معزولی کے فوراً بعد بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے اُن کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ منسوخ کر دیے تھے۔ 2025 میں بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے مظاہرین کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن سے متعلق مقدمے میں سابق وزیر اعظم ’انسانیت کے خلاف جرائم‘ کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنائی تھی۔ تاہم شیخ حسینہ نے ڈھاکہ کی عدالت کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’متعصبانہ اور سیاسی بنیادوں‘ پر سنایا جانے والا فیصلہ قرار دیا تھا۔
شیخ حسینہ کی حالیہ درخواست کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے بنگلہ دیش کی حکومت نے اپنے ابتدائی ردعمل میں کہا ہے کہ معزول وزیر اعظم کا اپنے ملک واپس آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
ڈھاکہ میں حکومت کے چیف پراسیکیوٹر محمد امین الاسلام نے اس خبر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شیخ حسینہ کی جانب سے نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے اجرا کی درخواست ’محض ایک سیاسی حربہ‘ ہے۔
محمد امین الاسلام کے مطابق ’بنگلہ دیش آنے کے لیے جو قانونی قدم انھیں (شیخ حسینہ کو) اٹھانے چاہییں، وہ اقدامات وہ کر ہی نہیں رہی ہیں۔۔۔ جو درخواست انھوں نے اب دی ہے وہ صرف سیاسی حربہ ہے۔‘
سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں
دوسری جانب بنگلہ دیش میں خارجہ اُمور کے وزیر مملکت ہمایوں کبیر نے شیخ حسینہ کے لیے کسی طرح کے سفری دستاویز یا پاسپورٹ جاری کرنے کے معاملے پر کہا ہے کہ ’وہ ایک مفرور دہشتگرد اور ڈکٹیٹر ہیں۔‘
ہمایوں کبیر نے وزارت خارجہ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے شیخ حسینہ کی درخواست کو ’مضحکہ خیز‘ قرار دیا اور اس کے قانونی اور اخلاقی جواز کے بارے میں بھی سوال اٹھایا۔
ہمایوں کبیر نے کہا کہ ’بنگلہ دیش دہشت گردوں کے لیے پاسپورٹ جاری نہیں کرتا۔ ہم نے انڈیا سے انھیں بنگلہ دیش کے حوالے کرنے کے لیے کہا ہے۔‘
انھوں نے لندن کی اُس قانونی فرم پر بھی تنقید کی ہے جو اس معاملے میں شیخ حسینہ کی نمائندگی کر رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’اُن (قانونی فرم) کی موکلہ ایک ایسی خاتون ہیں جو 1500 سے زیادہ افراد کو قتل کرنے کے بعد بنگلہ دیش سے فرار ہوئیں۔ ایک ایسے مفرور کی نمائندگی سے بین الاقوامی سطح پر فرم کی بھی بدنامی ہو گی۔‘
یاد رہے کہ شیخ حسینہ اور اُن کی جماعت عوامی لیگ اس نوعیت کے الزامات کو رد کرتی ہے۔
ہمایوں کبیر نے اس موقف کا بھی اعادہ کیا کہ بنگلہ دیش چاہتا ہے کہ شیخ حسینہ دونوں ملکوں (بنگلہ دیش اور انڈیا) کے مابین مجرموں کی حوالگی کے حوالے سے موجودہ معاہدے کے تحت انڈیا سے واپس آئیں۔
انھوں نے کہا کہ ’اگر وہ واپس لوٹنا چاہتی ہیں تو وہ یہاں سے فرار ہی کیوں ہوئی تھیں؟ صرف وہی نہیں بلکہ اُن کے خاندان کے سبھی افراد یہاں فرار ہو کر گئے تھے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’شیخ حسینہ کو دو ممالک میں مجرمان کی حوالگی کے معاہدے کے عمل کے تحت واپس آنا چاہیے، وہ خود کو ایک عدالت کے روبرو پیش کریں اور اپنی سزا کاٹیں۔‘
انھوں نے کہا کہ مفرور مجرموں کے معاملے میں پاسپورٹ کی درخواست کا اطلاق نہیں ہوتا۔
تاہم، بنگلہ دیش میں پابندیوں کا سامنا کرنے والی شیخ حسینہ کی پارٹی عوامی لیگ نے دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ حکومت شیخ حسینہ سے خوفزدہ ہے، اور اسی لیے وہ انھیں پاسپورٹ یا سفری دستاویز (ٹریول پاس) جاری کرنے پر آمادہ نہیں ہے۔
پارٹی کے ترجمان محمد علی عارفات نے بی بی سی بنگلہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب حکومت کا مؤقف یہ تھا کہ اگر شیخ حسینہ ملک واپس آنا چاہیں تو ان کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ تاہم، اُن کے بقول، اب حکومت انھیں وطن واپسی کے لیے درکار کسی بھی قسم کی سہولت یا معاونت فراہم نہیں کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں جنگی جرائم کی ایک عدالت نے جولائی 2024 میں احتجاجی طلبہ کے خلاف پُرتشدد کریک ڈاؤن کے معاملے میں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کو موت کی سزا سنائی تھی۔
چند ماہ قبل شیخ حسینہ نے دلی میں ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ وہ دسمبر 2026 میں ڈھاکہ واپس جائیں گی۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ واپس جانے کے بعد عدالت کے سامنے خود کو قانون کے حوالے کریں گی۔ تاہم انھوں نے ابھی تک واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔
اگرچہ شیخ حسینہ نے انڈیا میں باضابطہ طور پر پناہ نہیں لے رکھی ہے لیکن انڈین حکومت سے اُن کی قربت اور دلی میں قیام سے انڈیا اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں خاصی تلخی پیدا ہوئی ہے۔
بنگلہ دیش میں نئی حکومت کے قیام کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان اس معاملے پر پیدا ہونے والا تعطل ٹوٹ نہیں سکا ہے۔
انڈیا کی معروف تجزیہ کار نروپما سبھرا منین نے بی بی سی اُردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کی حکومت یہ نہیں چاہتی کہ شیخ حسینہ ایک معمول کے مسافر کی طرح اپنا پاسپورٹ دکھا کر ہوائی جہاز سے ڈھاکہ پہنچ جائیں۔
’بنگلہ دیش کی حکومت انھیں ایک مجرم مانتی ہے اور عدالت انھیں سزا بھی دے چکی ہے۔ انھوں نے پاسپورٹ کے لیے جو درخواست دی ہے وہ بھی بنیادی طور پر ایک سیاسی اشارہ ہی ہے۔‘
نروپما سبھرا منین کے بقول اس معاملے پر بنگلہ دیش کی حکومت جو چاہتی ہے اور شیخ حسینہ اور انڈیا کی جو خواہش ہے اس میں بہت بڑا فرق ہے۔
’دونوں باہم متضاد موقف پر قائم ہیں۔ شیخ حسینہ اُس طرح واپس نہیں جائیں گی جیسے ڈھاکہ کی حکومت چاہتی ہے، وہ سیاسی طریقے سے ہی واپس جانا چاہتی ہیں، جیسے ماضی میں پڑوسی ملک میں بے نظیر اور نواز شریف جیسے رہنما خودساختہ جلاوطنیاں ختم کر کے اسلام آباد واپس آئے تھے۔ لیکن اس صورتحال نے انڈیا کے لیے بھی مشکلات پیدا کر دی ہیں۔‘
ڈھاکہ میں بی بی سی بنگلہ سروس کے سربراہ میر صابر کا کہنا ہے کہ ’اگر حکومت سابق وزیر اعظم کو قانونی طریقے سے حوالگی معاہدے کے طور پر ڈھاکہ لانے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو وہ اسے اپنی حکومت کی ایک کامیابی کے طور پر پیش کر سکے گی۔‘
’لیکن اگر شیخ حسینہ اپنے طور پر اور سیاسی طریقے سے واپس آتی ہیں تو وہ دوسری طرح کا پیغام ہو گا، اور بنگلہ دیشی حکومت اس نوعیت کا کوئی پیغام نہیں دینا چاہتی۔‘
میر صابر کہتے ہیں کہ شیخ حسینہ کی جانب سے پاسپورٹ کی درخواست داخل کیے جانے سے انڈیا کی صورتحال میں تبدیلی آئی ہے۔
’انڈیا اب یہ کہہ سکتا ہے کہ شیخ حسینہ نے ڈھاکہ واپس جانے کے لیے پاسپورٹ کے لیے درخواست دی ہے اور یہ کہ اب اُن کی واپسی کا فیصلہ ڈھاکہ کے ہاتھ میں ہے۔ لیکن ایسا لگتا نہیں ہے کہ انھیں پاسپورٹ جاری کیا جائے گا اور غالب امکان یہی ہے کہ موجودہ صورتحال برقرار رہے گی۔‘
میر صابر کا خیال ہے کہ ڈھاکہ کے سیاسی حلقوں میں عام خیال یہی ہے کہ ڈھاکہ لوٹنے کے شیخ حسینہ کے اعلان کا مقصد ان کی سیاسی جماعت عوامی لیگ کے کارکنوں اور رہنماؤں میں نیا جوش پیدا کرنا ہے۔
یاد رہے کہ طلبہ کی تحریک کے بعد شیخ حسینہ کی عوامی لیگ کے بیشتر رہنما روپوش ہو گئے ہیں یا بیرون ممالک چلے گئے ہیں اور فی الحال پارٹی کے کارکن قیادت کے فقدان کے سبب مایوس ہو کر غیر فعال نظر آتے ہیں۔
ایک خیال یہ بھی ہے کہ شیخ حسینہ کی عمر اب 80 برس ہو چکی ہیں اور اگر وہ اس مرحلے پر واپس نہیں آتیں تو ایسے میں پارٹی کی مشکلات اور بڑھ جائیں گی۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک ایسی صورتحال ہے جس نے شیخ حسینہ کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش کی حکومت کے لیے بھی پیچیدگی پیدا کر دی ہے۔
انڈیا کو یہ صورتحال اس مرحلے پر بھلے ہی موافق لگ رہی ہو لیکن اس کا جو بھی نتیجہ سامنے آئے گا وہ دونوں ملکوں کے تعلقات کے لیے مزید پیچیدگی پیدا کر سکتا ہے۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔
بشکریہ بی بی سی اردو