لائیو , یمن میں کشیدگی میں اضافہ: مال بردار جہاز ہائی جیک، سعودی عرب کا حوثیوں کے دو میزائل ناکام بنانے کا دعویٰ

عراق کے بااثر شیعہ رہنما مقتدیٰ الصدر نے اپنے حامیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ جمعے بغداد کے تحریر سکوائر میں ہونے والی مشترکہ نمازِ جمعہ میں شرکت کریں۔
سنیچر کو جاری کیے گئے ایک بیان میں مقتدیٰ الصدر نے کہا کہ اس اجتماع کا مقصد ان کے اصلاحاتی پروگرام کی حمایت اور ملک میں بدعنوانی اور سمگلنگ کے خاتمے کا مطالبہ کرنا ہے۔
انھوں نے عراق کو ’قبضے، ملیشیا سرگرمیوں اور بدعنوانی‘ سے پاک کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں قانون کی بالادستی اور شفاف طرزِ حکمرانی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
مقتدیٰ الصدر کی یہ اپیل ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عراقی حکومت تیل کی سمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کر رہی ہے۔ تاہم ان اقدامات کو عراقی کردستان کے بعض حکام اور ایران نواز ملیشیا گروپ کتائب حزب اللہ کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ گذشتہ تین سال کے دوران جنوبی پنجاب میں اتنے ترقیاتی کام ہوئے جتنے گذشتہ 80 برس میں بھی نہیں ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور اور جنوبی پنجاب کے درمیان ترقیاتی منصوبوں میں کوئی تفریق نہیں کی گئی اور جو سڑکیں لاہور میں تعمیر ہوئیں، ویسی ہی جنوبی پنجاب میں بھی بنائی گئیں۔
ملتان یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ چند سال قبل یہ تصور بھی مشکل تھا کہ ایک خاتون پنجاب کی قیادت کرے گی، تاہم آج صوبے میں سفارشی کلچر اور صنفی تعصب کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کی کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں کو عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے خواتین کے خلاف تشدد کو ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے سندھ میں ایک خاتون پر تشدد کی مبینہ ویڈیو کا حوالہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض لوگوں نے کہا کہ اگر ایسا واقعہ پنجاب میں پیش آتا تو وہ فوری کارروائی کرتیں۔ مریم نواز نے کہا کہ وہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ترغیب نہیں دیتیں، تاہم جہاں شہریوں کو تکلیف پہنچے گی وہاں حکومت ضرور کارروائی کرے گی۔
دریں اثنا مریم نواز نے تلہ گنگ کا دورہ بھی کیا، جہاں انھوں نے تلہ گنگ کو ضلع بنانے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ دو برسوں میں علاقے میں مزید ترقیاتی کام ہوں گے اور وہ تلہ گنگ کی تقدیر بدلنے کے وعدے کو پورا کریں گی۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق صوبہ سیستان و بلوچستان کے شہر سرباز سے تعلق رکھنے والے سنی عالمِ دین مولوی بشیر صلاح زہی مسلح حملے میں زخمی ہونے کے بعد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
سرباز کے گورنر محمد اسلم کریم زئی نے کہا کہ یہ واقعہ سرباز-ایرانشہر شاہراہ پر پیش آیا۔
سرباز کاؤنٹی کے پولیس کمانڈر نے بھی بتایا کہ ’موٹر سائیکلوں پر سوار دو نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کی اور واردات کے بعد فرار ہو گئے۔‘
اب تک کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
حالیہ مہینوں میں صوبہ سیستان و بلوچستان میں مسلح جھڑپوں اور حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جن میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
صوبہ سیستان و بلوچستان کی سرحدیں پاکستان اور افغانستان سے متصل ہیں اور یہ علاقہ طویل عرصے سے سکیورٹی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، جن میں شدت پسند گروہوں کے حملے اور منشیات و دیگر اشیا کی سمگلنگ میں ملوث افراد کے ساتھ جھڑپیں شامل ہیں۔
ایران میں عراق کے سفیر نے اعلان کیا ہے کہ عراق کا ایک اعلیٰ سطح کا سکیورٹی وفد تہران کا دورہ کر رہا ہے۔
یاسر عبد الزہرہ حجاج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں وفد کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا: ’آنے والے چند گھنٹوں میں سب کی نظریں تہران پر ہوں گی، جہاں عراق کا ایک اعلیٰ سطح کا سکیورٹی وفد سٹریٹجک اہمیت اور انتہائی حساس نوعیت کے مسائل پر مذاکرات کر رہا ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ مذاکرات کے اہم موضوعات میں ’دہشت گردی اور سمگلنگ کے خلاف جنگ، سرحدی کنٹرول، نیز باہمی دلچسپی کے دیگر امور اور بغداد و تہران کے درمیان سکیورٹی تعاون کے امکانات‘ شامل ہیں۔
حجاج نے اپنے پیغام میں اس بات پر بھی زور دیا کہ اس ’ملاقات میں ایک سے زیادہ پیغامات پوشیدہ ہو سکتے ہیں۔‘
اس سے قبل اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر محمد مخبر نے بغداد کو خبردار کیا تھا کہ وہ ’ٹرمپ کے ہاتھوں میں ایک آلہ کار‘ نہ بنے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو عراقی وزیرِ اعظم کی ان کوششوں کو سراہا تھا جن کا مقصد ’عراقی تیل کی سمگلنگ روکنا، بدعنوانی کا خاتمہ کرنا اور تمام ہتھیاروں کو مکمل طور پر ریاستی کنٹرول میں لانا‘ ہے۔
یمن اور سعودی عرب کے درمیان جاری کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے۔ ایک جانب یمن کے جنوبی ساحل کے قریب ایک مال بردار جہاز کو مسلح افراد نے ہائی جیک کر لیا ہے، جبکہ دوسری جانب سعودی عرب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گذشتہ دو روز کے دوران ریاض اور ملک کے جنوبی علاقوں کو نشانہ بنانے والے دو حوثی میزائلوں کو تباہ کر دیا ہے۔
برطانیہ کی سمندری نگرانی کی ایجنسی یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) کے مطابق یمن کے ساحلی شہر بلحاف سے تقریباً 120 کلومیٹر دور ’غیر مجاز افراد‘ ایک مال بردار جہاز پر سوار ہوئے اور اس کا کنٹرول سنبھال لیا۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ہارن آف افریقہ اور خلیج عدن کے اطراف سمندری قزاقی کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب سعودی زیر قیادت اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی طرف داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل فضائی دفاعی نظام نے راستے میں ہی تباہ کر دیا۔
اس سے ایک روز قبل سعودی حکام نے اعلان کیا تھا کہ ریاض کی طرف داغا گیا ایک کروز میزائل بھی مار گرایا گیا ہے۔ حوثیوں سے وابستہ ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ کارروائی سعودی فضائی حملوں کے جواب میں کی گئی۔
حوثیوں کے زیر انتظام یمنی خبر رساں اداروں کے مطابق سعودی اتحاد نے دارالحکومت صنعا سمیت مختلف علاقوں میں فضائی حملے کیے ہیں۔ حوثی ٹی وی چینل المسیرہ نے دعویٰ کیا کہ صنعا کے ایک رہائشی علاقے پر حملے میں 13 افراد زخمی ہوئے جبکہ متعدد گھروں اور دکانوں کو نقصان پہنچا۔
ادھر حوثیوں سے وابستہ یمنی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سعودی افواج نے صنعا سمیت یمن کی نو گورنریوں پر 104 فضائی اور میزائل حملے کیے۔ ان کے مطابق حملوں میں الجوف، تعز، عمران، حجہ، صعدہ، الحدیدہ، لحج، البیضاء اور الضالع کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔
یمنی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی جنگی طیاروں نے تعز، اب اور صنعا میں بجلی گھروں، گیس کی تنصیبات اور ایندھن ذخیرہ کرنے والے مراکز پر بھی حملے کیے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق موچا پاور سٹیشن کو ایک بار پھر نشانہ بنایا گیا جبکہ گیس کی ترسیل اور تقسیم سے متعلق تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا۔
یمن میں حوثی فورسز کی حالیہ پیش قدمی اور باب المندب کے اطراف اہم علاقوں پر ان کے بڑھتے ہوئے کنٹرول نے مشرقِ وسطیٰ کی تزویراتی صورتحال کے بارے میں نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ ایک طرف یہ پیش رفت ایران اور اس کے اتحادیوں کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہے، تو دوسری جانب یہ بھی واضح نہیں کہ حوثیوں کی بڑھتی ہوئی طاقت مستقبل میں تہران کے لیے مکمل طور پر قابلِ کنٹرول رہے گی یا نہیں۔
باب المندب پر حوثیوں کا بڑھتا اثر
حوثی فورسز نے حالیہ مہینوں میں جنوبی یمن میں اپنی پوزیشن مضبوط کی ہے اور حکومتی افواج کے بعض علاقوں سے انخلا کے بعد انہیں بحیرہ احمر سے متصل ساحلی پٹی پر زیادہ اثر و رسوخ حاصل ہوا ہے۔
باب المندب دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے عالمی تجارت کا ایک بڑا حصہ گزرتا ہے۔ یہ راستہ نہ صرف یورپ اور ایشیا کے درمیان تجارتی رابطوں کے لیے اہم ہے بلکہ خلیجی ممالک کی تیل برآمدات کے لیے بھی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
ایران کا محتاط ردعمل
اگرچہ ایرانی ذرائع ابلاغ نے حوثیوں کی کامیابیوں کو سراہا ہے، تاہم ایرانی قیادت نے نسبتاً محتاط مؤقف اختیار کیا ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے زور دیا ہے کہ ایران سعودی عرب کے ساتھ جنگ میں شامل نہیں اور حوثیوں کی فوجی کارروائیاں ان کے اپنے فیصلوں کا نتیجہ ہیں۔ تہران مسلسل اس بات کی تردید کرتا رہا ہے کہ وہ حوثیوں کو براہِ راست ہدایات یا عسکری معاونت فراہم کرتا ہے۔
تہران کو کیا فائدہ ہو سکتا ہے؟
مبصرین کے مطابق باب المندب کے قریب حوثیوں کی مضبوط موجودگی ایران کے لیے ایک اہم تزویراتی فائدہ ثابت ہو سکتی ہے۔
ایران پہلے ہی آبنائے ہرمز میں اثر و رسوخ رکھتا ہے، جبکہ باب المندب پر اس کے قریبی اتحادیوں کی موجودگی سے ایسے خدشات پیدا ہوئے ہیں کہ ’محورِ مزاحمت‘ خطے کے دو اہم بحری راستوں پر بالواسطہ اثر انداز ہونے کی صلاحیت حاصل کر سکتا ہے۔
اس صورتحال نے سعودی عرب کے لیے بھی مشکلات پیدا کی ہیں، کیونکہ بحیرہ احمر کے راستے تیل برآمد کرنے کا متبادل راستہ سکیورٹی خدشات کے باعث کم پرکشش ہوتا جا رہا ہے۔
کیا حوثی ایران کے کنٹرول میں ہیں؟
حوثیوں اور ایران کے تعلقات پر ایک اہم سوال یہ بھی ہے کہ تہران کا اس گروپ پر کتنا اثر و رسوخ ہے۔
اگرچہ حوثیوں کو ایران کے ’محورِ مزاحمت‘ کا حصہ سمجھا جاتا ہے، لیکن ماضی میں وہ بعض مواقع پر ایرانی مشوروں سے ہٹ کر فیصلے بھی کر چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق حوثی تحریک اب اس حد تک مضبوط ہو چکی ہے کہ وہ اپنے مقامی مفادات اور ترجیحات کو بھی سامنے رکھتی ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب سمیت بعض علاقائی قوتیں اب بھی سمجھتی ہیں کہ ایران حوثیوں پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کی وجہ سے ریاض اور دیگر ممالک نے حالیہ عرصے میں تہران کے ساتھ سفارتی رابطے بڑھائے ہیں۔
خطے کے لیے اس کے کیا معنی ہیں؟
حوثیوں کی پیش قدمی سے ایران کو بظاہر ایک اہم تزویراتی فائدہ حاصل ہوتا دکھائی دیتا ہے، تاہم اس کے ساتھ خطرات بھی وابستہ ہیں۔
اگر حوثیوں کی کارروائیوں کے نتیجے میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی دوبارہ بڑھتی ہے تو تہران کو سفارتی اور علاقائی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اسی طرح اگر حوثی مزید خودمختار ہوتے گئے تو ایران کے لیے ان پر اثر و رسوخ برقرار رکھنا بھی مشکل ہو سکتا ہے۔
یوں باب المندب کے اطراف حوثیوں کی کامیابیاں بیک وقت ایران کی علاقائی پوزیشن کو مضبوط بھی کر سکتی ہیں اور تہران کے اثر و رسوخ کی حدود کو بھی نمایاں کر سکتی ہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایک دوسرے کی حکومتیں گرانے کے بجائے قومی مسائل کے حل پر توجہ دیں۔
رحیم یار خان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کر مسائل کا مقابلہ کریں تو ایسا کوئی مسئلہ نہیں جس کا حل نہ نکالا جا سکے۔
انھوں نے کہا کہ سیاسی کھینچا تانی کا نقصان بالآخر عوام کو اٹھانا پڑتا ہے، جبکہ انتقامی سیاست عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نفرت اور تقسیم کی سیاست چھوڑ کر عوامی مسائل کے حل پر توجہ دی جانی چاہیے اور حکومتی معاملات باہمی رضامندی سے آگے بڑھائے جائیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ماضی میں سیاسی قیادتوں سے غلطیاں ہوئیں، تاہم ان سے سبق بھی سیکھا گیا۔ ان کے مطابق میثاقِ جمہوریت کے بعد سیاسی قوتوں نے ایک دوسرے کی حکومتیں گرانے کی سیاست سے گریز کیا ہے اور اسی روایت کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ایس آئی یو ٹی کا منصوبہ جاری رکھنا ایک مثبت مثال ہے۔ انھوں نے کہا کہ ماضی میں حکومتوں کی تبدیلی کے ساتھ مخالف جماعتوں کے منصوبے بھی بند کر دیے جاتے تھے، تاہم اس بار ایسا نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے منصوبوں اور حکومتوں کو نقصان پہنچانے کے بجائے تعاون کا راستہ اختیار کریں تو عوام کی بہتر خدمت کی جا سکتی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومتیں گرانے کے بجائے عوامی مفاد کے منصوبوں کے تسلسل کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن پر موجود پہلے پاکستانی خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے ان کے تاریخی مشن کو پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
سنیچر کو اسلام آباد میں سپارکو کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ محمد ذیشان علی کی کامیابی پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محنت، لگن اور غیر متزلزل عزم نے ذیشان علی کو اس مقام تک پہنچایا اور ان کی کامیابی نوجوان نسل کے لیے ایک مثال ہے۔
چین کے خلائی سٹیشن سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی نے کہا کہ ’پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے ایک عظیم اعزاز ہے۔ زمین کے مدار میں 7.9 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے سفر کرتے ہوئے اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میرے لیے باعثِ فخر ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ وہ نہ صرف پاکستان کے پہلے خلا باز ہیں بلکہ چین کے خلائی سٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے بین الاقوامی خلا باز بھی ہیں۔
ذیشان علی نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پوری قوم کی نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ چین کے خلائی سٹیشن پر اپنے فرائض اور سائنسی تحقیق کی ذمہ داریاں پوری قوم کی توقعات کے مطابق انجام دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انھوں نے پاکستانی نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آج پاکستان کے بہادر مرد و خواتین زمین، سمندر اور فضا میں ملک کی خدمت کر رہے ہیں جبکہ ایک پاکستانی خلا باز زمین سے 400 کلومیٹر بلندی پر قومی پرچم کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کو اپنا مقصد بنائیں۔ ’مجھے امید ہے کہ آنے والی نسل کے پاکستانی خلا باز، انجینیئر اور سائنس دان خلا میں مزید آگے جائیں گے اور انسانیت کی بہتری کے لیے کائنات کے مزید راز دریافت کریں گے۔‘
ذیشان علی نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے حوصلہ افزا کلمات ان کے لیے باعثِ تقویت ہیں اور وہ اپنے چینی ساتھی خلا بازوں کے ساتھ سائنسی تحقیق کے ذریعے پاکستان اور چین کی دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے علامہ اقبال کے شعر ’محبت مجھے ان جوانوں سے ہے، ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ذیشان علی کا سفر پاکستانی نوجوانوں کو سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گا۔
شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی کو ہمیشہ ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری قرار دیا جاتا رہا ہے، تاہم اب یہ دوستی خلا تک پہنچ چکی ہے۔ انھوں نے مشترکہ خلائی مشن کے لیے چینی قیادت اور خلائی اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ چین کے خلائی سٹیشن پر پاکستانی خلا باز کی موجودگی پاکستان اور چین کی دیرینہ تذویراتی شراکت داری کا قابلِ فخر مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج محمد ذیشان علی پر فخر کرتی ہیں اور ان کی کامیابی نوجوانوں کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔
پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بیرونِ ملک ملازمت اور ورک ویزوں کے نام پر شہریوں سے مبینہ طور پر کروڑوں روپے بٹورنے والے گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے آٹھ مختلف مقدمات میں مطلوب تمام آٹھ اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایف آئی اے فیصل آباد زون کے مطابق گرفتار افراد پر اٹلی، ملائیشیا، بحرین اور دیگر ممالک میں ملازمت دلوانے کے نام پر شہریوں سے بڑی رقوم وصول کرنے کے الزامات ہیں۔ ادارے کے مطابق مختلف مقدمات میں متاثرہ شہریوں سے مجموعی طور پر ایک کروڑ 82 لاکھ 32 ہزار روپے سے زیادہ رقم وصول کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ایک مقدمے میں ملزم پر بیرونِ ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر 14 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کرنے کا الزام ہے، جبکہ ایک اور مقدمے میں اٹلی کا ویزا دلوانے کے نام پر 18 لاکھ روپے ایڈوانس لینے کا مقدمہ درج ہے۔ حکام کے مطابق اس معاملے میں مجموعی طور پر 60 لاکھ روپے کا معاہدہ طے پایا تھا۔
ادارے کے مطابق ایک مقدمے میں تین ملزمان پر ملائیشیا بھجوانے کے نام پر شہریوں اور ان کے ساتھیوں سے 74 لاکھ روپے وصول کرنے کا الزام ہے، جبکہ بحرین میں ملازمت دلوانے کے نام پر درج دو مقدمات میں بھی لاکھوں روپے کے فراڈ کے الزامات سامنے آئے ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ایک مقدمے میں بیرونِ ملک ملازمت کا وعدہ کر کے 17 لاکھ 52 ہزار روپے وصول کیے گئے، تاہم متاثرہ افراد کو مبینہ طور پر بیرونِ ملک نہیں بھجوایا گیا۔ اسی طرح لیبیا سے ڈی پورٹ کیے جانے والے ایک شہری کو غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک بھجوانے کے معاملے میں بھی متعدد ایجنٹوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
ترجمان ایف آئی اے فیصل آباد زون فریال خان کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد زون ثاقب سلطان ثاقب کی ہدایت پر انسانی سمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن اور ویزا فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ان کے مطابق بیرونِ ملک ملازمت کے جھوٹے وعدوں کے ذریعے شہریوں کو دھوکا دینے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔
سعودی عرب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ریاض کو نشانہ بنانے والے ایک کروز میزائل کو فضا ہی میں تباہ کر دیا ہے۔
سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’فضائی دفاعی نظام نے ریاض کے علاقے کی جانب حوثیوں کی طرف سے داغے گئے ایک کروز میزائل کو روک کر تباہ کر دیا۔‘
اس سے قبل حوثیوں سے وابستہ ذرائع ابلاغ نے یمن میں سعودی حملوں کی اطلاع دی تھی۔
یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرنے والا سعودی قیادت میں قائم اتحاد گزشتہ موسمِ گرما میں خانہ جنگی دوبارہ شدت اختیار کرنے کے بعد سے ایران نواز حوثی گروہ کے زیرِ کنٹرول علاقوں پر باقاعدگی سے فضائی حملے کر رہا ہے۔
اس کے جواب میں حوثی فورسز بھی تقریباً روزانہ کی بنیاد پر سعودی عرب میں اہداف کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ حوثیوں نے توانائی کی تنصیبات، ہوائی اڈوں اور ریاض کے تجارتی و مالیاتی مراکز پر متعدد حملے کیے ہیں۔
افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ کے دارالحکومت اسدآباد میں ایک سکول کے قریب دھماکے کے نتیجے میں کم از کم سات بچوں، دو مردوں اور ایک خاتون سمیت 10 افراد ہلاک جبکہ 97 زخمی ہو گئے ہیں۔
کنڑ کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ سمیع الحق حقبیان نے بی بی سی کو بتایا کہ دھماکہ سنیچر کی صبح تقریباً 10 بجے ہوا۔ ان کے مطابق ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کے بارے میں معلومات موصول ہو رہی ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔
طالبان حکومت کی وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانع نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ سکول کے قریب واقع ایک مائننگ کمپنی کے بارودی مواد کے گودام میں غفلت اور لاپروائی کے باعث ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کی ویڈیوز میں لوگوں کو زخمی بچوں کو اٹھا کر ہسپتال منتقل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ زیادہ تر زخمیوں کو کنڑ کے صوبائی ہسپتال لے جایا گیا، تاہم صحت کے شعبے سے وابستہ اہلکاروں کے مطابق جن زخمیوں کا وہاں علاج ممکن نہیں تھا انھیں جلال آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ جانے والے راستے سکیورٹی فورسز نے بند کر رکھے ہیں جبکہ امدادی ٹیمیں علاقے میں امدادی اور ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
ایرانی مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف سٹاف نے کہا ہے کہ ’دنیا میں جہاں سے بھی ہم پر حملہ کیا جائے گا، ہم وہیں جواب دیں گے۔‘
بریگیڈیئر جنرل کیومرث حیدری نے تہران میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’دو بڑی جوہری طاقتوں کو اسلامی جمہوریہ ایران کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا۔‘
ان کے مطابق امریکہ اور اسرائیل نے ’ایران کو معاشی طور پر شکست دینے کے مقصد سے ایک ہائبرڈ جنگ کی منصوبہ بندی کی تھی، لیکن آج وہ خود اس کے نتائج کا سامنا کر رہے ہیں۔‘
ایرانی فوجی حکام ماضی میں بھی یہ مؤقف دہراتے رہے ہیں کہ اگر ایران پر دوبارہ حملہ کیا گیا تو وہ اپنے جوابی اقدامات کا جغرافیائی دائرہ مزید وسیع کریں گے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کے لیے بجٹ جنوری کے اختتام تک یقینی بنا لیا گیا ہے، تاہم انھوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ کسی نئی فوجی کارروائی کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کر رہے۔
پاکستان میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت نے گندم کی درآمد کی حد بڑھا کر 25 لاکھ ٹن کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے مالی سال 2027-2026 کے لیے گندم کی درآمد کی زیادہ سے زیادہ حد 10 لاکھ ٹن سے بڑھا کر 25 لاکھ ٹن کرنے کی منظوری دی ہے تاکہ ملک میں گندم کی مناسب دستیابی یقینی بنانے، قیمتوں کو مستحکم رکھنے اور آئندہ فصل کی کٹائی تک صوبوں کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب کی صدارت میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے گندم کی درآمد کی حد بڑھانے سے متعلق سمری پر تفصیلی غور کے بعد اس کی اصولی منظوری دی گئی۔
پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) کے جاری کردہ تازہ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق حیدرآباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا تین ہزار 800 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ پشاور میں اس کی قیمت تین ہزار 750 روپے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں تین ہزار 733 روپے ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق کراچی، بنوں اور کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت تین ہزار 600 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ لاڑکانہ میں یہ تین ہزار 560 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
اسی طرح گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور لاہور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت تین ہزار 533 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
سرگودھا میں 20 کلو آٹے کا تھیلا تین ہزار 467 روپے، سکھر میں تین ہزار 440 روپے، فیصل آباد میں تین ہزار 400 روپے اور بہاولپور میں تین ہزار 380 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
ملتان میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت تین ہزار 267 روپے جبکہ خضدار میں تین ہزار 200 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔
غزہ میں طبی امداد فراہم کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ’ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز‘ کے ایک کلینک پر اسرائیلی حملے میں اس کے دو کارکن ہلاک ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں افراد حماس کے ارکان تھے اور ان میں سے ایک حماس کے توپ خانے کے یونٹ کا کمانڈر تھا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق دونوں افراد غزہ شہر میں واقع کلینک میں سکیورٹی گارڈز کے طور پر کام کرتے تھے۔
دوسری جانب ’ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز‘ نے دونوں کارکنوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حملے کو تنظیم کے لیے ’براہِ راست دھچکا‘ قرار دیا ہے۔
تنظیم نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ’اس کی عمارتوں پر تنظیم کے نشانات واضح طور پر موجود تھے اور اس نے ان مقامات کے بارے میں اسرائیلی فوج کو پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا۔‘
تنظیم کے مطابق اسرائیلی فوج کو معلوم تھا کہ یہ عمارتیں اس کے زیرِ استعمال ہیں۔
اسرائیلی فوج نے کلینک یا طبی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی تردید کی ہے۔ اسرائیلی فوج نے ٹیلیگرام پر جاری بیان میں کہا کہ یہ ایک اور مثال ہے کہ حماس بین الاقوامی تنظیموں میں اپنا اثر و رسوخ کیسے استعمال کرتی ہے۔
اس سے قبل ’ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز‘ نے بتایا تھا کہ ان دو کارکنوں کی ہلاکت کے بعد غزہ میں ہلاک ہونے والے اس کے کارکنوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے ہلاک ہونے والے دونوں افراد کو حماس کے ارکان قرار دیا ہے، تاہم اس دعوے اور ان کی تنظیم میں حیثیت کے بارے میں ’ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز‘ کے بیان میں تفصیل موجود نہیں۔
ایک سال سے زیادہ عرصہ قبل جنگ بندی کا معاہدہ ہونے کے باوجود غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ہیں۔
سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت ریاض کی جانب داغا گیا حوثیوں کا ایک کروز میزائل مار گرایا ہے۔
اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے ایکس پر لکھا کہ فضائی دفاعی نظام نے ریاض کے علاقے کی طرف آنے والے کروز میزائل کو روک کر تباہ کر دیا۔
یہ اعلان حوثی میڈیا کی جانب سے یمن میں سعودی عرب کے حملوں کی خبریں سامنے آنے کے بعد کیا گیا۔
حوثیوں سے وابستہ ذرائع ابلاغ کے مطابق صنعاء کے ضلع تحریر کے رہائشی علاقے بیر ابو شملہ پر سعودی حملے میں آٹھ مکانات اور تین دکانوں کو نقصان پہنچا جبکہ 13 افراد زخمی ہوئے۔
حوثی میڈیا نے حملے کی تفصیلات جاری کی ہیں، تاہم سعودی اتحاد کے بیان میں یمن میں اس حملے کا ذکر نہیں کیا گیا۔
انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی نے دعویٰ کیا ہے کہ چین کی مدد سے پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور اسے مستقبل میں ترکی کی معاونت بھی حاصل ہو سکتی ہے۔
جمعے کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’پاکستان کا خلائی ادارہ سپارکو بھی اپنی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے۔‘
جنرل راجا سبرامنی کے مطابق انڈیا کو اپنی دفاعی حکمتِ عملی مرتب کرتے ہوئے پاکستان کی بڑھتی ہوئی خلائی صلاحیتوں کو مدنظر رکھنا ہوگا، کیونکہ اس سے پاکستان کی انٹیلیجنس، نگرانی اور جاسوسی کی صلاحیتوں میں بھی بہتری آ سکتی ہے۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ چین کے پاس انٹیلیجنس، نگرانی، پوزیشننگ، نیویگیشن اور وقت کے تعین سے متعلق جو صلاحیتیں موجود ہیں، وہ پاکستان کو بھی دستیاب ہو سکتی ہیں۔
انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف نے کہا کہ انڈیا کو ان امکانات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ خلائی نگرانی کے تیسرے مرحلے کے آغاز سے انڈیا کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
جنرل راجا سبرامنی کے مطابق انڈیا مزید سیٹلائٹس تیار کرنے اور انھیں خلا میں بھیجنے کے طریقوں پر بھی کام کر رہا ہے اور اس سلسلے میں نجی شعبے کے اداروں کے ساتھ تعاون کیا جا رہا ہے۔
پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم کا کہنا ہے کہ ’امریکہ اور ایران کے درمیان پاکستان اور قطر کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔‘
سی این این عربی کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان ممالک اور ان کے وزرائے خارجہ کے ساتھ مختلف تجاویز اور خیالات کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ ’ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم اگر اس پر حملہ کیا گیا تو وہ جواب دے گا۔‘
انھوں نے یمن میں جنگ کے خاتمے کے لیے چین اور روس کی سفارتی کوششوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ’ایران ان دونوں ممالک کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے۔‘
ان کے مطابق چین یا کوئی دوسرا ملک اگر حوثیوں کو یمن کا ایک حقیقی فریق تسلیم کرتا ہے تو ایران ملک میں خانہ جنگی ختم کرنے کے لیے ایسی کسی بھی کوشش کا خیرمقدم کرے گا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ایرانی فوج کے ایک کمانڈر کے متعدد دعوؤں کو ’جھوٹا‘ قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کی ہے۔ بظاہر یہ ردعمل ایرانی بحریہ کے سربراہ ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی کے ایرانی سرکاری ٹی وی (آئی آر آئی بی) کو دیے گئے انٹرویو کے جواب میں سامنے آیا ہے۔
سینٹ کام نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ’ایران کے پاس اب بحریہ نہیں ہے۔ ایرانی فوجی کمانڈر نے جس صورت حال کی وضاحت کی، وہ بھی ایک من گھڑت کہانی ہے جو جھوٹ پر مبنی ہے۔‘
ایرانی بحریہ کے سربراہ نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ ایران کی بندرگاہیں فعال ہیں، بحریہ جہازوں کو حفاظتی حصار فراہم کر رہی ہے اور امریکی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوششیں جاری ہیں۔
سینٹکام نے اس دعوے کی بھی تردید کی کہ امریکی طیارہ بردار جہاز ابراہم لنکن کو ایران اور امریکہ و اسرائیل کے درمیان 28 فروری کو شروع ہونے والی جنگ کے پہلے روز نشانہ بنایا گیا تھا۔
سینٹ کام کے مطابق اس کا بحری بیڑا ایران کی جانب سے کبھی حملے کا نشانہ نہیں بنا۔
حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے تنظیم کے ایک رہنما خلیل الحیہ کے بیٹے عزالدین الحیہ کو قتل کرنے کی کوشش ناکام رہی ہے۔
حماس کے سینئر رہنما باسم نعیم نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے آج صبح سویرے غزہ میں عزالدین الحیہ اور ان کے خاندان کو نشانہ بنایا۔
باسم نعیم کے مطابق اس حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، تاہم کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔
عزالدین الحیہ اپنے والد خلیل الحیہ کے واحد زندہ بچ جانے والے بیٹے ہیں۔ ان کے دیگر چار بیٹے اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔
عزالدین الحیہ کے جڑواں بھائی حمام الحیہ بھی 2025 میں قطر میں حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاک ہوئے تھے۔
اس خبر پر اسرائیلی فوج کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ خصب بندرگاہ کے دہانے اور آبنائے ہرمز کے مشرق میں ’غیر مجاز‘ راستے پر دو آئل ٹینکروں میں دھماکے ہوئے اور ان میں آگ لگ گئی ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’دونوں ٹینکر آبنائے ہرمز سے خفیہ طور پر گزرنے کی کوشش کر رہے تھے اور انھوں نے اپنے لوکیشن سسٹم بند کر رکھے تھے، جس کے دوران وہ سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے۔‘
بیان کے مطابق دونوں ٹینکروں میں دھماکے اور آگ لگنے کا واقعہ اسی وجہ سے پیش آیا۔
اس سے قبل جمعے کو پاسدارانِ انقلاب نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ اس کے دفاعی نظام کی جانب سے انتباہی فائرنگ کے بعد ایک امریکی ایف 16 طیارہ پیچھے ہٹ گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ طیارہ ’مخالف جہازوں کو فضائی تحفظ اور معاونت فراہم‘ کر رہا تھا اور ایران کے جزیرہ ہنگام کے جنوب مشرقی علاقے کے قریب پہنچ گیا تھا۔
بشکریہ بی بی سی اردو