ہفتہ، 28 نومبر، 2026 · 19 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کی سعودیہ میں حوثی ملیشیا کے حملوں کی سخت مذمت

پاکستان
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کی سعودیہ میں حوثی ملیشیا کے حملوں کی سخت مذمت

فائل فوٹو

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے نے مملکت کی سلامتی کے تحفظ اور دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مکہ معاہدے کے تحت اسٹریٹیجک پولیٹیکل ڈیفنس کمیٹی ایس پی ڈی سی کا دوسرا اجلاس پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد میں ہوا،جس میں علاقائی سلامتی اور مشترکہ دفاعی تعاون کا جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں مکہ دفاعی اتحاد کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا جب کہ سعودی عرب میں اتحاد کے سیکرٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔

تینوں ممالک نے دفاعی صنعت، مشترکہ ٹیکنالوجی کی ترقی، فوجی تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا جب کہ علاقائی کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی حمایت کا اعادہ کیا۔

اس کے علاوہ تینوں ممالک نے سعودی عرب میں ہونے والے حوثی حملوں کی مذمت کی۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے نے سعودی عرب میں حوثی ملیشیا کے حملوں کی سخت مذمت کی ہے، تینوں ممالک نے سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ اور دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم سے سعودی وزیر دفاع اور ترک وزیر خارجہ کی ملاقات، پائیدار امن کیلئے ملکر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار

اسلام آباد میں مکہ معاہدے کی کمیٹی کا اجلاس، سعودی عرب کی سلامتی کیلئے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ

بشکریہ جیو نیوز