نورس اٹلانٹک شدید مالی بحران کا شکار، پی آئی اے کا برطانیہ و یورپ کا فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ

اگر نورس اٹلانٹک کے ساتھ معاہدہ ختم ہوا تو پی آئی اے کو کئی ملین ڈالر کا نقصان بھی ہوسکتا ہے: ذرائع۔ فوٹو فائل
کراچی: ناروے کی نورس اٹلانٹک ائیرلائن کی جانب سے لیز پر فراہم کیے جانے والے طیاروں کی عدم دستیابی کے باعث پی آئی اے کا برطانیہ اور یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق نورس اٹلانٹک کے ذریعے یورپ کے لیے چلائی جانے والی پروازیں بند کرنے کا عمل جاری ہے، جس کے باعث پی آئی اے کی برطانیہ اور یورپ جانے والی پروازوں کے شیڈول میں ردوبدل کا امکان ہے، اس حوالے سے 23 نومبر کو بوئنگ 777 کے پائلٹس اور فضائی عملے کو داخلی پیغام بھیجا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق برطانیہ اور یورپ کے لیے پروازوں کا نیا شیڈول موصول ہوتے ہی جاری کیا جائے گا، جبکہ شیڈول میں تبدیلی کے باعث عملے کی پہلے سے منظور شدہ چھٹیاں بھی تبدیل یا منسوخ کی جاسکتی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کو اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والی پرواز کے لیے نورس اٹلانٹک کا لیز پر حاصل کردہ طیارہ دستیاب نہیں ہو سکا، جس کے بعد ہنگامی انتظامات کے تحت یہ پرواز پی آئی اے کے اپنے بوئنگ 777 طیارے کے ذریعے آپریٹ کی گئی۔
فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق لندن سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 786 میں دو گھنٹے سے زائد تاخیر کا امکان ہے، جبکہ 24 اور 25 نومبر کی لندن سے اسلام آباد پروازوں کے لیے نورس اٹلانٹک کے ڈریم لائنر کی جگہ پی آئی اے کا بوئنگ 777 شیڈول میں درج کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر نورس اٹلانٹک کے لیز پر فراہم کردہ طیارے دستیاب نہ ہوئے تو پی آئی اے کو برطانیہ، یورپ اور کینیڈا کے لیے اپنی پروازیں اپنے بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے چلانا پڑیں گی، جس سے قومی ائیرلائن کا بین الاقوامی فلائٹ آپریشن محدود یا متاثر ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پی آئی اے نے 9 اکتوبر کو ناروے کی ائیرلائن نورس اٹلانٹک سے دو بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارے ویٹ لیز پر حاصل کرنے کا معاہدہ کیا تھا، لیز پر حاصل کیا گیا پہلا ڈریم لائنر یکم نومبر کو لندن سے پرواز پی کے 786 کے ذریعے اسلام آباد پہنچا تھا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق نورس اٹلانٹک کو شدید مالی خسارے اور نادہندہ ہونے کے خدشات کا سامنا ہے، اگر نورس اٹلانٹک کے ساتھ معاہدہ ختم ہوا تو پی آئی اے کو کئی ملین ڈالر کا نقصان بھی ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان نے نورس اٹلانٹک کے ساتھ معاہدے سے متعلق فوری تبصرہ کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
بشکریہ جیو نیوز