منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ہم نے تو ہمیشہ منہ اور سینہ کھلا رکھا ہے آپ اپنی فکر کریں، رانا ثنااللہ کا محسن نقوی کو جواب

پاکستان
ہم نے تو ہمیشہ منہ اور سینہ کھلا رکھا ہے آپ اپنی فکر کریں، رانا ثنااللہ کا محسن نقوی کو جواب

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو جواب دیتے ہوئےکہا ہےکہ ہم نے تو ہمیشہ منہ اور سینہ کھلا رکھا ہے آپ اپنی فکر کریں۔

جیو نیوز کے پروگرام ' آج شاہزیب خانزادہ کیساتھ' میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کیا قائد اعظم ہیں کہ ان کی ذات پر میں 3 سال سے تبصرہ کررہا ہوں؟ میں نے کبھی محسن نقوی کی ذات پر تبصرہ کیا نہ کروں گا، وہ جو ہیں میرے خیال میں بس وہی ہیں، اس پر تبصرے کی ضرورت ہی نہیں، محسن نقوی کی کارگزاری پر بطور کولیگ اور سیاسی کارکن بات کرنا میرا حق ہے، میں نے ہمیشہ وزیرداخلہ کہہ کر مخاطب کیا کبھی چیئرمین پی سی بی نہیں کہا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وہ کہتے ہیں کہ منہ چھپانےکے قابل نہیں چھوڑوں گا، مجھے تو منہ چھپانےکی ضرورت ہی نہیں پڑنی، ہم نے تو ہمیشہ منہ اور سینہ کھلا رکھا، آپ اپنی منہ چھپانے کی قابلیت کی فکر کریں، اپنی فکر کریں جب منہ چھپانے کی ضرورت پڑے تو اس قابل ہوں، مجھے ایسی ضرورت نہیں پڑےگی۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور کا کہنا تھا کہ انھوں نے تقریر میں وزیراعظم سے متعلق غیرمتعلقہ ریمارکس دیے، میں نے ان چیزوں پر اعتراض کیا،میں نے کہا یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آنا ہے اور اس پر اتفاق رائےکے بغیر آگے نہیں بڑھا جاسکتا، انھوں نے غیرمتعلقہ باتیں کرکے یہ معاملہ الجھا دیا، اب یہ معاملہ متنازع ہوکر پارلیمنٹ میں آئےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری اور بلاول بھٹو کہہ رہے ہیں کہ ہم سے تو کسی نے بات ہی نہیں کی تو پھر چار ماہ آپ کرتے کیا رہے ہیں؟ جس جگہ پر آپ ہروقت موجود ہوتے ہیں وہ آپ کے محسن بھی ہیں، ان کو بھی آن بورڈ نہیں لے سکے تو یہ آپ کی ناکامی ہے۔ دھمکیاں دینے سے میرے جیسے بندے خاموش ہونے والے نہیں، اگر دلیل ہے تو شارٹ ٹیمپرڈ ہونےکی کیا ضرورت ہے، یہ جواب میں کہیں کہ یہ کردوں گا وہ کردوں گا، بسم اللہ کریں جوکام آپ نے کرنا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں نے صدر زرداری کو ایک سے زیادہ بارکہتے سنا ہےکہ محسن نقوی میرے بیٹے ہیں، جب ہم ایوان صدرگئے ہیں محسن نقوی وہاں موجود ہوتے ہیں، ان کے بیانات سے ہمیں تو فرق نہیں پڑےگا مگر اس معاملےکو انھوں نے الجھا دیا ہے، انھوں نے ایک بات کی کہ سسٹم گرگیا اس کے بعد ابھی تک اسی پر بات ہو رہی ہے، چارماہ میں نئے صوبوں کو معاملہ الجھایا گیا، پارلیمنٹ میں اس پر اتفاق رائے ہوتا ہے یا نہیں یہ خدا بہتر جانتا ہے، جو صورتحال اس وقت ہے اس معاملے کو لیڈ محسن نقوی نے کیا تو ذمہ داری لینی چاہیے، صدر زرداری اور بلاول بھٹو کا بیان موجود ہےکہ ان سے اس معاملے پرکسی نے بات نہیں کی۔

انھوں نےکہا کہ سسٹم ناکام نہیں ہوا اس سسٹم کو ناکام کیا گیا اور اس میں سیاستدانوں اور دیگر کا عمل دخل ہے۔ شہباز شریف کا وزیراعظم بننا نیک فال ثابت ہوا ہے، جو ناکامی ہمارے لیول پر ہو اس پر ہمیں رد عمل کے بجائے قبول کرنا چاہیے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ہمارے بزنس مین لاکھوں کی تعداد میں ہیں، وہ ملک کی خدمت کر رہے ہیں، وہ چند لوگ جو آپ کے دوست ہیں میں نے ان سے متعلق بات کی، آپ نے فرمایا کہ وہ سیاسی جماعتوں کو اربوں روپےکے فنڈز دیتے ہیں، او میرے بھائی وہ تو کسی کو بخار نہ دیں اربوں روپیہ کیوں دیتے ہیں کسی کو؟ اربوں روپیہ اسی لیے دیتے ہیں جو بات میں نےکی کہ بعد میں اربوں روپے کی وارداتیں بھی ڈالنی ہوتی ہیں، سیاسی جماعتیں لیتی ہوں گی، سیاستدان اربوں روپے لیتے ہوں گے، میں اپنی اور اپنی جماعت کی بات کرتا ہوں، چیلنج ہے بتائیں کس نے ہمیں اربوں روپے دیے، بتائیں ان میں سے کس نے ن لیگ کو اربوں ،لاکھوں یا 100 روپے بھی دیے ہوں۔

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ کا کہنا تھا کہ اتفاق رائے تب ہی ہوسکتا ہے جب معاملہ پارلیمنٹ میں لایا جائے تاکہ اس پر بات ہوسکے، اس معاملےکو محسن نقوی نے مس ہینڈل کیا، انھیں یہ معاملہ ہم سے بھی پہلے ڈسکس کرنا چاہیے تھا اور آن بورڈ لینا چاہیے تھا، یہ معاملہ متنازع ہوگیا ہے، ریفرنڈم پر کوئی سمجھوتا، راستہ نکل سکتا ہے، پیپلزپارٹی اب ریفرنڈم پر میدان میں آگئی ہےکہ ہم ریفرنڈم کو نہیں مانتے، میرا خیال ہے کہ پارلیمنٹ میں پیپلزپارٹی سے بات کی جائے تو راستہ نکل سکتا ہے، پیپلزپارتی ریفرنڈم کی اس لیے مخالفت کررہی ہےکہ بعد میں یہ معاملہ آئینی عدالت لے جایا جائےگا، پیپلزپارٹی کو یقین دہانی کرائی جائےکہ آئین پر ہی عمل ہوگا، عوام سے رہنمائی لے لی جائے تو اس نقطے پر اتفاق رائے بن سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پروجیکٹ تو محسن نقوی لے کر چل رہے ہیں ہم کیسے ان کو کراس کریں، بلاول بھٹو اور صدر زرداری کو یہ سب کچھ میں نےکہنا ہے تو پھر محسن نقوی نےکس کو کہنا ہے، انھوں نے کیا پھر صرف دھمکی دینی ہےکہ یہ کرلوں گا وہ کرلوں گا، وزیراعظم نے جو اپنی پوزیشن رکھی ہے اسی سے آگے راستہ نکل سکتا ہے ورنہ تو پھر خرابی ہے، 30جولائی کو جب محسن نقوی نے پہلی بار یہ بات کی میں نے اسی دن کہا تھا کہ اس کا فورم پارلیمنٹ ہے، اب یہ معاملہ پارلیمنٹ کی طرف رخ کرچکا ہے مگر بسیار خرابی کے بعد، اگر پہلے دن معاملہ پارلیمنٹ کی رخ پر آجاتا تو یہ ساری چیزیں نہ ہوتیں، یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آئےگا تو ن لیگ اور وزیراعظم بھرپور کردار ادا کریں گے لیکن ہمارا ہدف اتفاق رائے ہوگا۔

بشکریہ جیو نیوز