سندھ میں بلدیاتی نمائندوں کی مدت میں توسیع آئندہ انتخابات ہائی جیک کرنےکی سازش ہے، ایم کیو ایم پاکستان

سندھ حکومت کا فیصلہ بدنیتی پرمبنی، آئین وقانون کی خلاف ورزی ہے: ایم کیو ایم کی قانونی ٹیم کا بیان/ فائل فوٹو
کراچی: ایم کیوایم پاکستان کا کہنا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی نمائندوں کی مدت میں توسیع آئندہ انتخابات ہائی جیک کرنےکی سازش ہے۔
ایم کیوایم کی قانونی ٹیم نے سابق وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم سے ملاقات کی، ملاقات میں بلدیاتی ایکٹ 2013 میں ترامیم پر مشاورت کی اور اعلیٰ عدالتوں میں ترامیم کیخلاف آئینی پٹیشن کی تیاری پر گفتگو کی۔
ایم کیوایم کے بیان کے مطابق بلدیاتی نمائندوں کی مدت میں توسیع آئندہ انتخابات ہائی جیک کرنےکی سازش ہے اور سندھ حکومت کا فیصلہ بدنیتی پرمبنی، آئین وقانون کی خلاف ورزی ہے۔
ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ مدت ختم ہوتے ہی تمام انتظامی اختیارات غیر جانبدار اور غیرسیاسی افراد کے سپرد کیے جائیں اور آئندہ بلدیاتی انتخابات غیرجانبدارانتظامی سیٹ اپ کی نگرانی میں کرائےجائیں۔
اسی حوالے سے فروغ نسیم نے مزید کہا کہ ترامیم کا مکمل جائزہ لینے کے بعد اس پر مزید مشاورت کریں گے۔
بشکریہ جیو نیوز