جمعہ، 6 نومبر، 2026 · 27 جمادی الاول، 1448 ہجری

پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان کا مقصد متبادل انتظام کیلئے جگہ بناناہے، خواجہ آصف

پاکستان
پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان کا مقصد متبادل انتظام کیلئے جگہ بناناہے، خواجہ آصف

فوٹو: فائل

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان کا مقصد الٹرنیٹ ارینجمنٹ (متبادل انتظام) بنانےکے لیے جگہ بنانا ہے تاکہ حکومت کو ڈس کریڈٹ کیا جائے، جب حکومت ڈس کریڈٹ ہو تو یہ لوگ فریش ٹیم کو پیش کرسکیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کچھ سرمایہ دار بھی کارپیٹ بیگ لے کر آٹھ دس ماہ سے متحرک ہوئے ہیں، میرا خیال ہےکہ یہ ایک نیا گروپ تشکیل دے رہے ہیں، 2 سال بعد الیکشن ہونے ہیں، ان کا خیال ہے کہ ہماری جنریشن پرانی ہو رہی ہے اور شاید ہم ریٹائرڈ ہوجائیں یا الیکشن نہ لڑیں، جو آج 50 برس کے آس پاس ہیں ان میں سرمایہ دار بھی ہیں، شاید ان کا نیا گروپ بناننے کی کوشش ہے،کرپشن تو سارے پاکستان میں ہے، ہر عام آدمی صبح شام کرپشن کا سامنا کرتا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے میرے بارے میں بات کی تو میں نے بھی جواب دیا، نظریاتی اختلافات اپنی جگہ، اتنی تلخی نہیں ہونی چاہیےکہ سلام دعا کے بھی روادار نہ رہیں، نظریاتی اختلافات میں بھی دو نمبری نہیں ہونی چاہیے، تحریک انصاف نے چار سال میں سیاسی ماحول میں بہت زہر گھول دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نہ کبھی فکسڈ گیم کھیلی ہے نہ کبھی ایسی گیموں کا کھلاڑی ہوں، میرا نہیں خیال کہ حکومت کھولےگئے کیسز واپس بندکرےگی، ہم اگر ایسی فکسڈگیم کھیلیں گے تو پھر قیمت ہمیں پھر ادا کرنا ہوگی مولانا صاحب کو نہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ وقت بھی دیکھنا تھا کہ مولانا جن کو صیہونی جماعت کہتے تھے ان کے والی وارث بن گئے ہیں، اس جماعت نے اب مولانا کی پناہ گاہوں میں پناہ لے لی ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ایک دوسرے کے خلاف بات کی تھی وہ کرپشن پر تھی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں یہ باتیں پہلے بھی چلتی تھیں اور چلتی رہیں گی، لیکن یہ تو ان کو صیہونی جماعت ڈکلیئرکرتے تھے، اب وہ اسرائیل کے ایجنٹ نہیں رہے اب ان میں پیار و محبت کی پینگیں ہیں۔

کرپشن سےمتعلق بیان پرقائم ہوں،وزیراعلیٰ پنجاب کا لیگل نوٹس ملاتو بھرپور جواب دوں گا: چوہدری سالک

وزیراعلیٰ پنجاب نے وفاقی وزیر سالک چوہدری کو لیگل نوٹس بھجوادیا

بشکریہ جیو نیوز