سہیل آفریدی کے قریبی ساتھی حادی پتنگ نے پوسٹنگ، تبادلوں کیلئے اربوں روپے وصول کیے اور فرار ہوگئے: مشیر اطلاعات کےپی

دو دو ہفتوں کے وقفے سےافسران کے تبادلے کیے جاتے رہے اور ہر تبادلے پر کروڑوں روپے وصول کیے گئے، خیبرپختونخوا کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا: ثمر بلور کا الزام— فوٹو:فائل
گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے الزام عائد کیا ہے کہ سہیل آفریدی کے قریبی ساتھی حادی پتنگ نے ہرپوسٹنگ، تبادلے اور سرکاری کام کےلیے کروڑوں روپے وصول کیے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں ثمر ہارون بلور کا کہنا تھاکہ سہیل آفریدی کے قریبی ساتھی حادی پتنگ نے منڈی کھول رکھی تھی، ہرپوسٹنگ، تبادلے اورسرکاری کام کےلیے باقاعدہ ریٹ لسٹ مقرر تھی، مقررہ ریٹ لسٹ کےمطابق اربوں روپےکمائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کےبعد حادی پتنگ ملک سےفرارہوگئے، فرار ہونے والوں کی واپسی کےلیے متعلقہ ملک سے قانونی رابطے کیے ہیں، حادی پتنگ کی واپسی کے لیے متعلقہ حکومت،انٹرپول سےرابطےکیے ہیں اور ملک سےمبینہ طور پرلوٹی گئی دولت واپس لانےکےلیےکوششیں جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ دو دو ہفتوں کے وقفے سےافسران کے تبادلے کیے جاتے رہے اور ہر تبادلے پر کروڑوں روپے وصول کیے گئے، خیبرپختونخوا کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔
مشیراطاعلات کے مطابق ٹی ایم ایز، جامعات اور اسپتالوں کےپاس تنخواہوں کی ادائیگی کےلیےرقم نہیں، نرسنگ اسٹاف اور پروفیسرز کی تنخواہوں کےلیےفنڈز دستیاب نہیں، صحت اور مائننگ سمیت مختلف محکموں میں بےضابطگیاں سامنےآئی ہیں جس محکمے کی بھی تحقیقات کی جائیں، بے ضابطگیاں سامنے آتی ہیں، ہر محکمے کے مشیر اپنی تحقیقات مکمل کرکےنتائج عوام کےسامنےرکھیں گے، تحقیقات مکمل ہونےکےبعد ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ثمرہارون بلور کا کہنا تھاکہ ملکی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستانی آبادی کو نشانہ بنانے کا جواب دس گنا شدت سے دیا جائے گا، دس گنا جواب کے لیے مخالفین اپنی کمر کس لیں۔
بشکریہ جیو نیوز