سندھ بھر کے دورے کروں گا، تمام سیاسی جماعتوں کا گورنر ہوں، نہال ہاشمی

گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ سندھ بھر کے دورے کروں گا، میں تمام سیاسی جماعتوں کا گورنر ہوں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران گورنر سندھ نے کہا کہ بابائے قوم کی 150 ویں یوم پیدائش کو مکمل جوش و خروش سے منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے اسی گورنر سندھ ہاؤس میں اپنے آخری ایام گزارے، بانی پاکستان کا یوم پیدائش شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔
نہال ہاشمی نے مزید کہا کہ پاکستان تلوار کے سائے میں نہیں بلکہ ووٹ کے ذریعے قائم ہوا، جن لوگوں نے پاکستان کی خدمت کی انہیں تمغہ جناح سے نوازا جائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ 25 دسمبر کو قائداعظم کی سالگرہ کے ساتھ نواز شریف کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا جائے گا، کراچی کی مرکزی شاہراہوں کو قائداعظم کی قدآور تصاویر سے سجایا جائے گا۔
گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ قائد اعظم کے افکار سے طلبہ کو آگاہی دیں گے، سندھ بھر کا دورہ کروں گا، ہم درس گاہوں میں جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں کا گورنر ہوں، 25 دسمبر کو وزیراعظم شہباز شریف مزار قائد آئیں گے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ