سینئر ایرانی بحری کمانڈر کا دعویٰ من گھڑت ہے: سینٹ کام

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایرانی بندرگاہوں سے متعلق ایران کے سینئر بحری کمانڈر کے دعوے کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں سینٹ کام نے ایرانی فوجی کمانڈر پر متعدد جھوٹے دعوے کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
بظاہر یہ بیان جمعرات کو ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی کے ایرانی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کے ردِعمل میں سامنے آیا ہے۔
سینٹ کام نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوج نے ایران کے 2 آئیل ٹینکرز پر قبضہ کر لیا تھا، تاہم ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے امریکی فوجیوں کے جہاز دوبارہ اپنے قبضے میں لے لیے۔
سینٹ کام نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے پاس اب بحریہ موجود نہیں ہے، ایرانی فوجی کمانڈر کی جانب سے بیان کی گئی پوری صورتِ حال من گھڑت جھوٹ ہے۔
سینٹ کام کے مطابق ایران نے دعویٰ کیا تھا کہ سینٹ کام آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے 25 لاکھ ڈالرز وصول کر رہی ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اگرچہ امریکی افواج اور علاقائی اتحادی آبنائے ہرمز میں بحری سلامتی کے انتظامات پر کنٹرول رکھتے ہیں، تاہم وہاں سے گزرنے والے جہازوں پر کوئی ٹول ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔
ایران کا آبنائے ہرمز تا بحرِ ہند سمندری حدود پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ
واضح رہے کہ شہرام ایرانی نے اس سے قبل کہا تھا کہ امریکی بحری ناکہ بندی کے باوجود ایران کی بندرگاہیں کھلی اور فعال ہیں، ایرانی بحریہ نے جہازوں کو حفاظتی حصار فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی ناکہ بندی توڑنے کی کوششیں جاری ہیں۔
سینٹ کام نے الگ سے ان دعوؤں کو بھی مسترد کیا کہ 28 فروری کو ایران کے خلاف شروع ہونے والی امریکا اور اسرائیل کی جنگ کے پہلے ہی روز امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے اصرار کیا کہ ابراہم لنکن اور اس کے بحری بیڑے کو ایران کی جانب سے کبھی نشانہ نہیں بنایا گیا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ