ہفتہ، 28 نومبر، 2026 · 19 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کیا مصنوعی ذہانت دنیا کا خفیہ ڈیٹا ہیک کرنے کے قابل ہو چکی؟ ماہرین کا بڑا انکشاف

تازہ ترین
کیا مصنوعی ذہانت دنیا کا خفیہ ڈیٹا ہیک کرنے کے قابل ہو چکی؟ ماہرین کا بڑا انکشاف

مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ریاضی سے متعلق حالیہ غیر معمولی انکشافات نے عالمی سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے نئی تشویش پیدا کر دی ہے۔

دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق ماہرین کو خدشہ ہے کہ بڑی مصنوعی ذہانت کی کمپنیاں ایسی اہم دریافتیں چھپا رہی ہیں جو دنیا کی موجودہ خفیہ معلومات کے تحفظ کے نظام کو غیر مؤثر بنا سکتی ہیں۔

معروف نظریاتی کمپیوٹر سائنس دان اسکاٹ آرونسن کا کہنا ہے کہ مجھے متعدد قابلِ اعتماد ذرائع سے یقین ہے کہ مصنوعی ذہانت کی بڑی تجربہ گاہوں نے خفیہ معلومات کے تحفظ سے متعلق ریاضی کے ایک یا زیادہ اہم مسائل حل کر لیے ہیں تاہم ان دریافتوں کی اصل نوعیت کے بارے میں فی الحال پراعتماد نہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر مصنوعی ذہانت ایسے پیچیدہ ریاضیاتی مسائل حل کرنے میں کامیاب ہو گئی جن پر دنیا کے موجودہ خفیہ کاری کے نظام قائم ہیں تو ہیکرز کے لیے خفیہ پیغامات، بینکنگ لین دین، سفارتی مراسلات اور نجی ای میلز تک رسائی حاصل کرنا آسان ہو سکتا ہے۔

مصنوعی ذہانت قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن رہی ہے: سربراہ چینی خفیہ ایجنسی

یونیورسٹی کالج لندن کے کمپیوٹر سائنس کے پروفیسر اسٹیون مرڈوک کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی ریاضی کے میدان میں صلاحیتوں کو کم سمجھنے والے اب غلط ثابت ہو چکے ہیں اور یہ واضح نہیں کہ اے آئی کی صلاحیتوں کی حد کہاں تک ہے۔

ریاضی دان مارکس ڈو سوائے نے بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی حالیہ دریافتوں کے خفیہ کاری کے نظام پر ممکنہ اثرات کے بارے میں ابھی مکمل طور پر کچھ معلوم نہیں، ممکن ہے کہ خفیہ معلومات کے تحفظ سے متعلق بنیادی ریاضیاتی مسئلہ پہلے ہی حل ہو چکا ہو اور اس کے سنگین نتائج کے باعث اس پر خاموشی اختیار کی گئی ہو۔

تحقیقی حلقوں میں یہ افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں کہ مصنوعی ذہانت کی بعض تجربہ گاہوں نے ایسے الگورتھم تیار کر لیے ہیں جو موجودہ عوامی کلید خفیہ کاری (public-key cryptography) کے نظام کو بہت کم وقت میں توڑ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ عوامی کلید خفیہ کاری انٹرنیٹ براؤزنگ، بینکنگ ایپس اور دیگر ڈیجیٹل نظاموں میں معلومات کو محفوظ رکھنے کے لیے استعمال ہوتی ہے، اس نظام کی بنیاد ایسے ریاضیاتی مسائل پر ہے جنہیں حل کرنا عام کمپیوٹرز کے لیے انتہائی مشکل سمجھا جاتا ہے۔

یونیورسٹی آف سرے کے کمپیوٹر سائنس کے پروفیسر ایلن ووڈورڈ نے اس خدشے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ امکان نہیں کہ مصنوعی ذہانت کی کوئی نئی دریافت چند دنوں میں ہی دنیا کے موجودہ خفیہ کاری کے نظام کو ختم کر دے گی۔

بشکریہ روزنامہ جنگ