ایک دوسرے کی حکومتیں گرائی نہ جائیں تو ہم عوام کیلئے کام کر سکتے ہیں: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری—اسکرین گریب
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کی حکومتیں گرائی نہ جائیں تو ہم عوام کے لیے کام کر سکتے ہیں، ہمارے بڑوں نے کچھ غلطیاں کیں اور پھر سیکھا۔
رحیم یار خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب سے سیاست میں آیا ہوں کوشش ہے کہ غریب عوام کو عالمی معیار کے علاج کی سہولت حاصل ہو، مفت علاج ہمارے منشور کا حصہ ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو حکومت ملتی تھی، ایک سال ہی ہوتا نہیں تھا کہ حکومت چلی جاتی تھی اور منصوبہ رک جاتا تھا، میاں صاحب کو حکومت ملتی تھی اور وقت سے پہلے ان کی حکومت ختم ہو جاتی تھی اور ان کے منصوبے ختم ہو جاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ منصوبہ چل رہا ہے تو اس لیے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی، مریم نواز نے پہلی خاتون وزیرِ اعلیٰ کی روایت قائم رکھی ہے تو میں بھی یہ روایت قائم رکھتا ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر ہم سیاسی کھینچا تانی میں لگے رہے تو منصوبے وہیں رک جائیں گے اور عوام کا نقصان ہو گا، اگر انتقامی سیاست کی جائے گی تو عوام کے ساتھ بڑی انصافی ہو گی۔
سندھ کی تقسیم مرتے دم تک قبول نہیں: شرجیل میمن
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اختلافات بھول کر مسائل کا مقابلہ کریں تو ایسا کوئی مسئلہ نہیں جس کاحل نہ ہو، بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا مسئلہ ہے، خطے کی صورتِحال کی وجہ سے معاشی مشکلات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بیماری بھی پتہ ہو، علاج موجود ہو اور وسائل نہ ہونے پر وہ علاج نہ کرا سکیں تو وہ سزائے موت بن جاتی ہے، ہماری دعا ہے کہ ملک کے کونے کونے میں مفت علاج کی سہولتیں پہنچائیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ