ہماری جماعت کو بھی میرے وزیرِ اعلیٰ بننے پر ڈر تھا، آج دنیا میں خود کو منوا لیا: مریم نواز

وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز---فائل فوٹو
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ 3 سال پہلے کوئی سوچ بھی سکتا تھا کہ پنجاب جیسا صوبہ ایک خاتون چلا سکتی ہے؟ میری اپنی جماعت کے لوگوں حتیٰ کہ شہباز شریف صاحب کو بھی میرے وزیرِ اعلیٰ بننے پر ڈر تھا لیکن آج پوری دنیا میں خود کو منوا لیا ہے۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ میں اپنا کاروبار خود کرتی ہوں اور مجھے کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑتا، میرے والد میرا بہت خیال رکھتے ہیں لیکن مجھے ان سے بھی کچھ مانگنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
انہوں نے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ اداروں میں وائس چیئرمین اور پرنسپل سمیت تمام عہدوں پر تقرریاں میرٹ پر ہوں، کسی کی سفارش پر نہیں، میں نے اعلیٰ سطح پر سفارش کا خاتمہ کیا ہے، اب جنس نہیں بلکہ میرٹ دیکھا جاتا ہے۔
مریم نواز شریف کو راولپنڈی میں سونے کا خصوصی تاج پہنایا گیا
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ میں نے پنجاب کی بیٹیوں کے لیے صوبے کو محفوظ بنانے کی کوشش کی، سندھ میں ایک خاتون پر تشدد کی ویڈیو سامنے آئی تو کسی نے کہا کہ اگر ایسا واقعہ پنجاب میں ہوتا تو مریم نواز فوری کارروائی کرتیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ میں نے کبھی لوگوں کو قانون ہاتھ میں لینے کی ترغیب نہیں دی، جہاں کسی کو تکلیف پہنچے گی وہاں مریم نواز کارروائی کرے گی۔
مریم نواز نے بچیوں کو ہدایت کی کہ جنہوں نے ابھی تک خواتین کے تحفظ کی موبائل ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ نہیں کی، وہ ضرور کر لیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہت سی بچیاں گھروں سے پولیس اسٹیشن نہیں جا سکتیں، اس لیے ان کے تحفظ کے لیے متبادل سہولتیں ضروری ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ