جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی میں ملزم کی اضافی 10 سال قید، عدالت کا ایک کروڑ معاوضے کا حکم

تازہ ترین
کراچی میں ملزم کی اضافی 10 سال قید، عدالت کا ایک کروڑ معاوضے کا حکم

فوٹو: فائل

مطلوب ملزم کی سینٹرل جیل کراچی سے منتقلی میں تاخیر اور 10 سال اضافی قید کے خلاف درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

21 صفحات پر مشتمل فیصلہ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے تحریر کیا۔

پشاور ہائی کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار کیلئے ایک کروڑ روپے کا معاوضہ مقرر کیا جاتا ہے۔ 50 لاکھ کے پی حکومت، 50 لاکھ انکوائری میں ذمے دار افسران ذاتی حیثیت میں ادا کریں۔

فیصلے میں کہا گیا کہ قیدی ملزم کی منتقلی تاخیر میں ملوث افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے۔ چیف سیکریٹری اور آئی جی غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی 2 ماہ میں مکمل کریں۔ چیف سیکریٹری اور آئی جی خیبر پختونخوا دو ماہ میں درخواست گزار کو رقم ادا کریں۔

عدالت عالیہ کے مطابق 62 سال کے امین حسین کو 2014 کو کراچی میں منشیات کیس میں سزا ہوئی۔ سزا 2016 میں مکمل ہوئی، ملزم کرم کے ایک اور قتل کیس میں مطلوب تھا۔

سزا پوری ہونے کے باوجود ملزم دوسرے مقدمے کے باعث کراچی جیل میں 10 سال اضافی قید رہا۔ یہ قیدی کے بنیادی حقوق آرٹیکل 4، 9 اور 10 اے کی خلاف ورزی ہے۔

سرکاری محکمے اپنی غفلت کا ملبہ ایک دوسرے پر ڈالتے رہے۔ ملبہ ایک دوسرے پر ڈال کر محکمے بری الذمہ نہیں ہوسکتے۔ سرکاری منصب ایک مقدس امانت ہے، فرائض سے غفلت ناقابل قبول ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ