پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کی وسیع استعداد موجود ہے، وزیراعظم

تصویر سوشل میڈیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کی وسیع استعداد موجود ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت قیمتی پتھروں کی ویلیو چین اور برآمدات میں اضافے کیلئے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، قیمتی پتھروں کی شناخت و سرٹیفکیشن کیلئے عالمی معیار کی لیب کا قیام یقینی بنایا جائے۔
انھوں نے کہا کہ قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ کیلئے ماسٹر ٹرینرز کو سری لنکا اور تھائی لینڈ تربیت کیلئے بھیجا جائے، اللہ رب العزت نے پاکستان کو قیمتی پتھروں کے ذخائر کی دولت سے مالا مال کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کان کنی کے فرسودہ طریقہ کار سے اس بیش قیمتی دولت کا ضیاع ہو رہا ہے، حکومت نجی شعبے کو قیمتی پتھروں کی کان کنی اور پراسیسنگ کیلئے سازگار ماحول فراہم کرے گی۔
انھوں نے کہا کہ قیمتی پتھروں کی مکمل ویلیو چین کے قیام کی طرف مثبت پیشرفت خوش آئند ہے۔
وزیر اعظم نے معاون خصوصی برائے توانائی محمد ظفر اقبال، انکی ٹیم کی ستائش کی اور مشیر صنعت و پیداوار ہارون اختر اور متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ