جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

امریکی حمایت کے بغیر بھی ایران پر حملے کیلئے تیار ہیں: ترجمان اسرائیلی فوج

تازہ ترین
امریکی حمایت کے بغیر بھی ایران پر حملے کیلئے تیار ہیں: ترجمان اسرائیلی فوج

ترجمان اسرائیلی فوج افی ڈیفرین—فائل فوٹو

اسرائیلی فوج کے ترجمان افی ڈیفرین کا کہنا ہے کہ امریکی حمایت کے بغیر بھی ایران پر حملے کے لیے تیار ہیں۔

اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج تنہا بھی ایران پر حملہ کر سکتی ہے۔

افی ڈیفرین کا کہنا ہے کہ ہم صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی وقت پوری قوت کے ساتھ حملہ کرنے کے لیے تیار ہیں، چاہے اس کارروائی میں ہمیں امریکی حمایت حاصل نہ ہو۔

ٹرمپ نے ایران کیخلاف تمام آپشنز کھلے رکھے ہیں: جیرڈ کشنر

تہران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی سے متعلق سوال پر اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ ہدایات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تباہ کرنے کا ایران کا تصور ختم نہیں ہوا، بلکہ وہ اب بھی اس مقصد کے حصول کے لیے کام کر رہا ہے۔

دریں اثناء ایران پر ممکنہ نئے حملوں کے پیشِ نظر نیتن یاہو نے سیکیورٹی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل اور امریکا ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کی تیاریاں کر رہے ہیں، اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے آج (جمعرات کی) شام سیکیورٹی کابینہ کا اجلاس طلب کیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اجلاس میں ایران کے خلاف ممکنہ فوجی آپریشن سے متعلق صورتِ حال پر غور کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق اجلاس ایسے وقت میں بھی ہو رہا ہے جب یہ انتباہ سامنے آیا ہے کہ ایران اسرائیل پر اچانک حملہ کر سکتا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ