شمالی کوریا ایٹمی ہتھیاروں سے کبھی دستبردار نہیں ہو گا: کم جونگ ان کا امریکا کو واضح پیغام

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان— فائل فوٹو
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے ایٹمی ہتھیاروں اور وار ہیڈز کی غیر معمولی نمائش کر کے ایک بار پھر دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی۔
شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کم جونگ ان نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کرنے کے بعد ایٹمی ہتھیاروں کی نمائش کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کم جونگ ان نے ایٹمی ہتھیاروں کے تحقیقی ادارے اور ایسے کارخانوں کا دورہ کیا جہاں ایٹمی بموں میں استعمال ہونے والا مواد تیار کیا جاتا ہے۔
اس دورے کی جو تصاویر جاری کی گئی ہیں، ان میں شمالی کوریا کے رہنما کو قطار میں رکھے متعدد جوہری وار ہیڈز کا معائنہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تصاویر میں وار ہیڈز کے 5 مختلف ڈیزائن بھی نظر آئے، جن میں ایک انتہائی بڑے حجم کا وار ہیڈ بھی شامل ہے۔
کم جونگ ان کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی ایٹمی صلاحیت اب ایک حقیقت بن چکی ہے اور ملک اپنے ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری اور پیداواری صلاحیت میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے، ایٹمی ہتھیار ملک کی خودمختاری اور دفاع کے لیے ناگزیر ہیں۔
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات کی خواہش ہے: امریکی صدر ٹرمپ
انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا اپنی ایٹمی طاقت سے کبھی دستبردار نہیں ہو گا۔
شمالی کوریا کے رہنما نے امریکا پر الزام عائد کیا کہ وہ جنوبی کوریا کو ایٹمی توانائی سے چلنے والی آبدوز حاصل کرنے کی اجازت دے کر خطے میں ایٹمی کشیدگی بڑھا رہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے اپنے دورۂ ایشیاء کے دوران کم جونگ ان سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن ان دونوں رہنماؤں کی ملاقات نہیں ہو سکی تھی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے بعد ازاں یہ کہا کہ ملاقات نہ ہونے کی وجہ یہ تھی کہ اس کے لیے مناسب وقت نہیں تھا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ