بدھ، 25 نومبر، 2026 · 16 جمادی الثانی، 1448 ہجری

شاہین آفریدی کے بیٹے آلیار کا لاہور قلندرز میں نئے کھلاڑی کی شمولیت کا معصومانہ انداز میں اعلان

تازہ ترین
شاہین آفریدی کے بیٹے آلیار کا لاہور قلندرز میں نئے کھلاڑی کی شمولیت کا معصومانہ انداز میں اعلان

پاکستانی فاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کے ننھے بیٹے آلیار نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے لیے ٹیم میں نئے کھلاڑی کی شمولیت کا اعلان کر کے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے۔

لاہور قلندرز نے سری لنکن آل راؤنڈر کامندو مینڈس کو پی ایس ایل 12 کے لیے سائن کرنے کا اعلان ایک دلچسپ ویڈیو کے ذریعے کیا۔

اس ویڈیو کے آغاز میں شاہین آفریدی اور ٹیم کے مالک ثمین رانا آپس میں ٹیم سلیکشن کے بارے میں ایک دوسرے سے گفتگو کرتے نظر آتے ہیں لیکن ویڈیو کا سب سے خوبصورت لمحہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب شاہین آفریدی نے اپنے ننھے بیٹے آلیار کو اپنے پاس بلایا اور ٹیم کے نئے کھلاڑی کا نام بتانے کو کہا۔

ہاتھ میں سبز رنگ کی چھوٹی سی گیند تھامے آلیار نے معصومانہ انداز میں صرف ایک لفظ ’کامندو‘ کہا، جس پر شاہین آفریدی مسکرا دیے۔

شاہین آفریدی کے بیٹے آلیار کی دوسری سالگرہ

ثمین رانا سے گفتگو کے دوران شاہین آفریدی نے بتایا کہ ٹیم گزشتہ 5 سے 6 برس سے اپنے بنیادی کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے اور انہیں مزید مواقع دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، تاہم گزشتہ سیزن میں مڈل آرڈر کی کمزوری سامنے آنے کے بعد اسے مضبوط بنانے کی ضرورت محسوس ہوئی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ کامندو مینڈس ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں جو بیٹنگ کے ساتھ دائیں اور بائیں دونوں ہاتھوں سے اسپن بولنگ بھی کر سکتے ہیں۔

اس پر ثمین رانا نے بتایا کہ براہِ راست سائننگ کے ذریعے ٹیم کو مطلوبہ کھلاڑی حاصل کرنے کے ساتھ مالی فوائد بھی مل سکتے ہیں۔

ویڈیو کے اختتام پر لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں اور اسٹاف کو خوشی کا اظہار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

کامندو مینڈس کی شمولیت کو لاہور قلندرز کے مڈل آرڈر کے لیے اہم اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ