بدھ، 25 نومبر، 2026 · 16 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مریخ پر پتھروں کی پراسرار قطاریں دریافت، سائنس دان حیران رہ گئے

تازہ ترین
مریخ پر پتھروں کی پراسرار قطاریں دریافت، سائنس دان حیران رہ گئے

امریکی خلائی ادارے ناسا نے مریخ پر پتھروں کی ایک غیر معمولی ترتیب دریافت کی ہے، جہاں بڑے بڑے پتھر تقریباً حیران کن حد تک سیدھی اور منظم قطاروں میں موجود ہیں، تاہم سائنس دان تاحال یہ معلوم نہیں کرسکے کہ یہ ترتیب کیسے وجود میں آئی۔

یہ پراسرار منظر مریخ کے حصے ڈیڈیلیا پلینم (Daedalia Planum) میں دیکھا گیا، جس کی نشاندہی ناسا کے مارس ریکونیسنس آربیٹر میں نصب ہائی ریزولوشن کیمرے نے اگست 2024ء میں کی تھی۔

تصاویر میں روشن رنگ کے بڑے پتھر طویل اور خم دار قطاروں میں پھیلے ہوئے دکھائی دیتے ہیں، یہ قطاریں تقریباً 5 سے 15 کلومیٹر کے رقبے پر محیط ہیں، جبکہ ان کے درمیان 5 سے 10 میٹر کا فاصلہ ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے سے وابستہ آنجہانی سیاروی سائنس دان پال گیسلر نے اس منظر کو جاپانی باغ سے تشبیہ دی، جہاں بجری کو باقاعدہ ترتیب دے کر مختلف نقش بنائے جاتے ہیں، ان کے مطابق مریخ پر اس نوعیت کی تشکیل پہلے کہیں نہیں دیکھی گئی۔

ناسا کی مریخ پر پراسرار ’بھوتوں کے جنگل‘ کی تصویر، حقیقت سامنے آگئی

سائنس دانوں نے اس غیر معمولی ترتیب کی ممکنہ وجوہات سے متعلق چند نظریات پیش کیے ہیں، زمین پر ناروے میں پتھروں کے دائرے، سوئس الپس میں کثیرالاضلاع شکلوں کی ترتیب اور ہوائی میں پتھروں کی دھاری دار ساختیں قدرتی طور پر موجود ہیں۔

ایک نظریے کے مطابق زمین کے بار بار جمنے اور پگھلنے کے عمل سے بڑے پتھر آہستہ آہستہ باریک مٹی سے الگ ہو کر مخصوص ترتیب اختیار کرلیتے ہیں۔

دوسرے نظریے کے تحت مریخ کی سطح کے نیچے زلزلوں اور ارضیاتی سرگرمیوں کو اس تشکیل کی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔

ناسا کے انسائٹ لینڈر نے 2022ء میں اپنا مشن ختم ہونے سے قبل مریخ پر 1319 زلزلے ریکارڈ کیے تھے۔

سائنس دانوں کے مطابق مسلسل لرزش کے باعث بڑے پتھر سطح زمین کی جانب اوپر آسکتے ہیں، اس عمل کو سائنسی اصطلاح میں ’برازیل نٹ ایفیکٹ‘ کہا جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پتھروں کی یہ ترتیب زمین کے جمنے اور پگھلنے کے عمل سے وجود میں آئی ہے تو اس سے مریخ پر پانی کی موجودگی اور اس کی تاریخ سے متعلق اہم شواہد مل سکتے ہیں، تاہم فی الحال سائنس دان ان دونوں نظریات میں سے کسی کی بھی تصدیق نہیں کرسکے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ