بدھ، 25 نومبر، 2026 · 16 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سائنسدان تمباکو کے پودوں سے کینسر کی دوا تیار کرنے میں کامیاب

تازہ ترین
سائنسدان تمباکو کے پودوں سے کینسر کی دوا تیار کرنے میں کامیاب

سائنس دانوں نے تمباکو کے پودوں سے کینسر کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی اہم دوا پیسلی ٹیکسل (Paclitaxel) تیار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔

اس دوا کو ٹیکسال (Taxol) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ اس پیش رفت سے مستقبل میں دوا کی تیاری کے لیے یو کے درختوں پر انحصار کم ہونے کا امکان ہے۔

جرنل نیچر کیمیکل بائیولوجی میں 23 نومبر کو شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق یونیورسٹی آف کوپن ہیگن کے سائنس دانوں نے سوٹیرِیوس کامپرانیس کی سربراہی میں یونیورسٹی آف ایتھنز اور فیوم یونیورسٹی کے محققین کے ساتھ مل کر تمباکو کی ایک قسم نیکوٹیانا بینتھامیانا (Nicotiana benthamiana) میں پیسلی ٹیکسل کی حیاتیاتی تیاری کا مکمل عمل کامیابی سے تشکیل دیا۔

سیلفی سے کینسر کے مریض کی بقا کا اندازہ لگانے والی نئی ٹیکنالوجی تیار کر لی گئی

پیسلی ٹیکسل کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی اہم دوا ہے، تاہم اس کی پیچیدہ کیمیائی ساخت اور قدرتی طور پر محدود دستیابی کے باعث اسے تیار کرنا مشکل ہے۔

اس سے قبل اس دوا کی تیاری کے مختلف جزوی حیاتیاتی طریقے تجویز کیے گئے تھے، تاہم موجودہ تحقیق میں پہلی مرتبہ اس پورے عمل کی تصدیق کی گئی ہے۔

تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے دوا کی تیاری میں شامل مختلف مراحل، خامروں کی سرگرمیوں اور درمیانی کیمیائی مرکبات کا تفصیلی جائزہ لیا، اس مقصد کے لیے اہم مرکبات کو الگ کر کے نیوکلیئر میگنیٹک ریزوننس (این ایم آر) کے ذریعے ان کی ساخت کی تصدیق بھی کی گئی۔

محققین نے دریافت کیا ہے کہ دوا کی تیاری کے اہم حیاتیاتی مراحل پودے کے مختلف خلیاتی حصوں میں مکمل ہوتے ہیں، جن میں پلاسٹڈز، اینڈوپلازمک ریٹیکیولم، سائٹوپلازم اور پیروکسی سومز شامل ہیں، اس عمل کے لیے مختلف حصوں کے درمیان درمیانی مرکبات کی منتقلی بھی ضروری ہوتی ہے۔

تحقیق کی ایک اہم کامیابی یہ ہے کہ سائنس دانوں نے مخصوص جینیاتی اور حیاتیاتی طریقوں کے ذریعے پیسلی ٹیکسل کی پیداوار میں 500 گنا سے زیادہ اضافہ کیا، جس کے نتیجے میں فی گرام خشک پودے سے 61.05 مائیکروگرام دوا حاصل کی گئی، جو یو کے درخت کی چھال سے حاصل ہونے والی مقدار کے قریب ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ