اپیل منظور، عالمی ثالثی عدالت نے سینیگال کو افریقہ کپ آف نیشنز کا فاتح قرار دے دیا

فوٹو: فائل
کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے سینیگال کو افریقہ کپ آف نیشنز 2025 کا فاتح قرار دے دیا۔ عدالت نے سینیگال فٹبال فیڈریشن کی اپیل منظور کرلی۔
افریقی فٹبال کنفیڈریشن کے اپیل بورڈ کا مراکش کو فاتح قرار دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا گیا، عدالت نے افریقہ کپ آف نیشنز کے فائنل کا اصل نتیجہ بحال کردیا۔
سینیگال نے افریقہ کپ آف نیشنز کے فائنل میں مراکش کو 0-1 سے شکست دی تھی۔ افریقی فٹبال کنفیڈریشن کے اپیل بورڈ نے سینیگال کو فائنل میں شکست خوردہ اور مراکش کو 0-3 سے فاتح قرار دیا تھا۔
سینیگال کے کھلاڑی فائنل کے دوران احتجاجاً عارضی طور پر میدان چھوڑ گئے تھے۔ ریفری نے دونوں ٹیموں کی میدان میں واپسی کے بعد میچ دوبارہ شروع کروایا تھا۔
عالمی ثالثی عدالت نے قرار دیا کہ میچ دوبارہ شروع کرنے یا ختم کرنے کا اختیار صرف ریفری کے پاس تھا۔ ریفری نے میچ دوبارہ شروع کرکے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔ ریفری کا فیصلہ کھیل کے میدان میں کیے گئے فیصلوں کے قانونی اصول کے تحت محفوظ تھا۔
مراکش کی جانب سے سینیگال پر ٹورنامنٹ کے ضوابط کی شق 82 اور 84 کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
ثالثی عدالت نے قرار دیا کہ متعلقہ شقوں کا اطلاق اس صورت میں ہوتا ہے جب ریفری میچ مستقل طور پر ختم کردے۔ سینیگال فٹبال فیڈریشن، کوچ اور بعض کھلاڑیوں کو الگ تادیبی کارروائی میں پہلے ہی سزائیں دی جاچکی ہیں۔
عالمی ثالثی عدالت کے تین رکنی پینل نے سینیگال کے حق میں متفقہ فیصلہ دیا۔ سینیگال فٹبال فیڈریشن نے 25 مارچ کو عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کی تھی۔
عالمی ثالثی عدالت نے 8 اکتوبر کو سینیگال کی اپیل پر بند کمرے میں سماعت کی تھی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ