منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

جامعہ کراچی میں پہلی مرتبہ تعلیمی کیلنڈر 2027 میں نتائج کے اعلان کی تاریخیں بھی مقرر

تازہ ترین
جامعہ کراچی میں پہلی مرتبہ تعلیمی کیلنڈر 2027 میں نتائج کے اعلان کی تاریخیں بھی مقرر

جامعہ کراچی نے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ 2027 کے تعلیمی کیلنڈر میں سیمسٹرز کے امتحانات کے ساتھ نتائج کے اعلان کی تاریخیں بھی شامل کرلی ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی کی زیر صدارت اجلاس میں اسپرنگ اور فال سیمسٹرز کے تعلیمی کیلنڈر کی منظوری دی گئی۔

منظور شدہ کیلنڈر کے مطابق اسپرنگ سیمسٹر کی اورینٹیشن 6 جنوری اور کلاسز کا آغاز 7 جنوری 2027ء سے ہوگا۔ سیمسٹر امتحانات 12 سے 28 مئی تک ہوں گے، جبکہ نتائج 19 جون کو جاری کیے جائیں گے۔

فال سیمسٹر کی کلاسز 5 جولائی سے 3 نومبر تک جاری رہیں گی۔ امتحانات 8 سے 26 نومبر تک ہوں گے اور نتائج 14 دسمبر 2027ء کو اعلان کیے جائیں گے۔ یہ کیلنڈر مارننگ اور ایوننگ پروگرامز دونوں پر لاگو ہوگا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے تدریسی سرگرمیاں، امتحانات اور نتائج کا اعلان مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظم و ضبط، پیشگی منصوبہ بندی اور بروقت فیصلے طلبہ کے اعتماد اور جامعہ کی ساکھ بہتر بنانے کے لیے ضروری ہیں۔

اجلاس میں ڈین فیکلٹی آف فارمیسی ڈاکٹر حارث شعیب، ڈین فیکلٹی آف سائنسز ڈاکٹر بلقیس گل، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر ثمینہ سعید، اسٹوڈنٹ ایڈوائزر ڈاکٹر نوشین رضا، ایڈوائزر کیمپس سیکیورٹی ڈاکٹر معیز خان، ڈائریکٹر ایوننگ پروگرام ڈاکٹر شبیب الحسن، ڈاکٹر صائمہ اختر، انچارج داخلہ ڈاکٹر غفران سعید، قائم مقام ناظم امتحانات و قائم مقام رجسٹرار ڈاکٹر عمران صدیقی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

بشکریہ روزنامہ جنگ