منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

فیلڈ مارشل عاصم منیر ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم میں شامل

تازہ ترین
فیلڈ مارشل عاصم منیر ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم میں شامل

فیلڈ مارشل عاصم منیر---فائل فوٹو

فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر اور آرمڈ فورسز اسٹاف کالج کے ہال آف فیم میں بطور رکن شامل کر لیا گیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس اعزاز پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اعزاز پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان پائیدار دوستی کا عکاس ہے۔

وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ معرکۂ حق کے دوران فیلڈ مارشل کی پُرعزم قیادت اور قومی دفاع سے غیر متزلزل وابستگی قابلِ تحسین ہے، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافے کے تناظر میں یہ اعزاز نہایت موزوں ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے بعد ملائیشیا کے وزیراعظم کا بیان

شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ اعزاز مسلح افواج کے ان بہادر مرد و خواتین کے نام ہے جن کی جرأت، لگن اور قربانیاں وطن کی حفاظت کرتی ہیں، یہ پاکستان کے عوام کے نام بھی ہے جن کی ثابت قدمی اور حمایت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔

دوسری جانب چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ہال آف فیم میں شمولیت پر دلی مبارک باد دی ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کو ہال آف فیم میں شامل کیا جانا پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے، یہ اعزاز ان کی مثالی قیادت، تزویراتی بصیرت اور قومی خدمات کا عالمی اعتراف ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ