انڈونیشیا نے چین سے بنگلا دیش جانیوالا خطرناک کیمیکل ضبط کر لیا

انڈونیشیا کے بحری حکام نے چین سے بنگلا دیش جانے والے ایک مال بردار بحری جہاز خطرناک کیمیکل ضبط کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق انڈونیشین بحری حکام نے بنگلادیش کی بندرگاہ مونگلا جانے والے بحری جہاز سے 405 ٹن سوڈیئم پرکلوریٹ ضبط کر لیا۔
یہ ایک طاقت ور آکسیڈائزنگ کیمیکل ہے جو راکٹ اور میزائلوں کے پروپیلنٹ کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے، یہ مادہ بذاتِ خود نہ تو دھماکا خیز مواد ہے اور نہ ہی ایندھن، تاہم یہ آگ بھڑکانے کے عمل میں مددگار ہو سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بحری جہاز سے لاکھوں غیر رجسٹرڈ سم کارڈز بھی برآمد ہوئے ہیں۔
کوریئر کمپنی کی غفلت، جدید امریکی ایف 35 لڑاکا طیارے کے پرزے چین کے ہاتھ لگ گئے، امریکی میڈیا
انڈونیشیا کی بحریہ کے ایک کمانڈر نے بتایا کہ ضبط شدہ کیمیائی مادے کی مقدار سے ممکنہ طور پر 100 میزائل تیار کیے جا سکتے ہیں۔
اس انکشاف کے بعد اس کھیپ کے اصل مقصد اور بنگلا دیش میں اسے وصول کرنے والے فریق کے بارے میں سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
بنگلادیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق کوموروس کے پرچم تلے سفر کرنے والا بحری جہاز ’ایم وی اسٹار لائنز‘ چین کی بندرگاہ لیانیونگانگ سے بنگلا دیش کی بندرگاہ مونگلا جا رہا تھا، جب 7 نومبر کو شمالی سماٹرا کے علاقے بیلَوان کے قریب انڈونیشیا کی سمندری حدود میں اسے روک لیا گیا۔
انڈونیشیا کی بحریہ نے 20 نومبر کو بیلَوان میں نیول ریجنل کمانڈ ون کے دفتر میں ایک پریس بریفنگ کے دوران اس کارروائی کا اعلان کیا اور بتایا کہ جہاز کو 8 نومبر کو مونگلا بندرگاہ پہنچنا تھا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ