پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

گھٹنوں کے درد و جوڑوں کی بیماری کا علاج پیٹ کے پٹھوں کی ورزشوں میں پوشیدہ ہونے کا انکشاف

تازہ ترین
گھٹنوں کے درد و جوڑوں کی بیماری کا علاج پیٹ کے پٹھوں کی ورزشوں میں پوشیدہ ہونے کا انکشاف

گھٹنوں میں درد، سوجن اور اکڑن سے پریشان افراد کے لیے ایک نئی تحقیق میں ورزش کا ایسا طریقہ سامنے آیا ہے جو بظاہر گھٹنوں کے بجائے پیٹ کے پٹھوں کو مضبوط بنانے سے متعلق ہے۔

سائنسی جریدے ’سائنٹیفک رپورٹس‘ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق گھٹنوں کے جوڑوں کی بیماری (آسٹیو آرتھرائٹس) میں پیٹ اور جسم کے مرکزی پٹھوں (کور مسلز) کو مضبوط بنانے والی ورزشیں جسمانی افعال بہتر بنانے اور حرکت کے دوران درد کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔

تحقیق کے مطابق گھٹنوں کے جوڑوں میں موجود کرکری ہڈی (کارٹلیج) بتدریج ختم ہونے سے حرکت محدود ہو جاتی ہے اور کھڑے ہونے یا بیٹھے رہنے کے دوران بھی درد محسوس ہو سکتا ہے۔

50 سال سے زائد عمر کی خواتین گھٹنوں کے درد کو بڑھاپے کا حصہ نہ سمجھیں: آرتھوپیڈک سرجن کی 4 اہم ہدایات

بھارت میں کی جانے والی اس تحقیق میں گھٹنوں کے درمیانے درجے تک کے آسٹیو آرتھرائٹس میں مبتلا 40 سے 80 سال کی عمر کے 100 افراد کو شامل کیا گیا۔

شرکاء کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا، پہلے گروپ کو 12 ہفتوں تک روایتی طریقۂ علاج کے تحت گھٹنوں کی بحالی سے متعلق ورزشیں کروائی گئیں، جن میں ٹانگیں سیدھی اٹھانا، پٹھوں کو مضبوط بنانا اور جوڑوں کی حرکت بہتر بنانے والی مشقیں شامل تھیں۔

دوسرے گروپ کو بھی یہی ورزشیں کروائی گئیں، تاہم ان کے ساتھ پیٹ اور جسم کے مرکزی پٹھوں کو مضبوط بنانے کی اضافی مشقیں بھی شامل کی گئیں۔

ان مشقوں میں پیٹ کے پٹھوں کو مضبوط کرنے، کولہوں کو اوپر اٹھانے، بازوؤں کے بل تختے جیسی پوزیشن بنانے، ایڑیوں کو چھونے اور بیک وقت مخالف بازو اور ٹانگ حرکت دینے کی ورزشیں شامل تھیں۔

12 ہفتوں کے بعد دونوں گروپوں کے شرکاء نے آرام کی حالت میں درد میں نمایاں کمی محسوس کی، تاہم پیٹ کے پٹھوں کی ورزشیں کرنے والے گروپ نے جسمانی کارکردگی کے ٹیسٹ میں زیادہ بہتری دکھائی اور چلنے پھرنے کے دوران درد میں بھی نسبتاً زیادہ کمی رپورٹ کی۔

آنتوں کا عام بیکٹیریا بڑی آنت کے کینسر کا سبب کیسے بنتا ہے؟ سائنسدانوں نے سراغ لگا لیا

محققین کے مطابق پیٹ اور مرکزی پٹھوں کو مضبوط بنانے والی ورزشیں گھٹنوں کے روایتی بحالی پروگرام کے ساتھ شامل کرنے سے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

تحقیق میں واضح کیا گیا کہ یہ ورزشیں گھٹنوں کی کرکری ہڈی کے ختم ہونے کے عمل کو نہیں روکتیں بلکہ جسمانی کارکردگی بہتر بنانے اور درد کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ