ترقیاتی پیکیج: خیبرپختونخوا کو 160 ارب روپے میں سے 10 ارب جاری

خیبر پختونخوا کو ترقیاتی پیکیج کے 160 ارب روپے میں سے 10 ارب روپے جاری کر دیے گئے۔
دستاویز کے مطابق خیبر پختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع کے لیے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے جبکہ 25 اضلاع کے لیے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ 12 مخصوص اضلاع میں 430 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا، 7 خصوصی منصوبوں پر 19 ارب 27 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
کے پی، 160 ارب کا ترقیاتی پیکیج، وفاقی حکومت، عسکری قیادت کے ساتھ ملکر مسائل حل کرے گی، وزیراعظم
423 منصوبوں کے لیے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، مخصوص اضلاع میں 100 روزہ اور 180 روزہ ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
دستاویز کے مطابق امن و امان کے لیے 62 منصوبوں پر 39 ارب 19 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
صحت کے شعبے کے 41 منصوبوں کے لیے 3 ارب 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، مخصوص اضلاع میں تعلیم کے 72 منصوبوں پر 12 ارب 90 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، باجوڑ، کرم اور ڈی آئی خان میں 3 دانش اسکول قائم کیے جائیں گے۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ 70 اسکولوں کی مرمت اور اپ گریڈیشن جبکہ 409 اسکولوں کو سولرائز کیا جائے گا، مخصوص اضلاع میں سڑکوں کی بہتری کے 32 منصوبوں پر 12 ارب 70 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ ٹل پارا چنار روڈ اور گومل زام ڈیم کے منصوبے بھی ترقیاتی پیکیج میں شامل ہیں، مخصوص اضلاع میں 88 مقامات پر پانی کی فراہمی کی اسکیمیں سولرائز کی جائیں گی، 100 طلبہ کو چین میں زرعی شعبے میں اسکالرشپس دی جائیں گی، صوبے کے 25 اضلاع میں 219 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ