کراچی میں نامور شخصیات کی یادیں محفوظ رکھنے کیلئے منفرد اقدام

کراچی کی ضلعی انتظامیہ نے شہر کی نامور شخصیات کی یادیں محفوظ رکھنے کے لیے ایک منفرد اقدام شروع کردیا، جس کے تحت معروف شخصیات کے سابقہ گھروں پر یادگاری نیلی تختیاں نصب کی جارہی ہیں۔
اس اقدام کا آغاز ضلع وسطی کی انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا ہے، جس کے تحت ابتدائی طور پر معروف قوال امجد صابری، لیجنڈری فنکار عمر شریف اور نامور مصور سید صادقین احمد نقوی کی سابقہ رہائش گاہوں پر یادگاری تختیاں نصب کی گئی ہیں۔
جیو ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے امجد صابری کے بھائی طلحہٰ صابری نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے نمائندے ان کے گھر آئے اور اہل خانہ کو یادگاری تختی نصب کرنے کے اقدام سے آگاہ کیا۔
امجد صابری نے قوالی کی دم توڑتی روایت کو زندہ کیا
ان کے مطابق حکام نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے امجد صابری کی رہائش گاہ پر یادگاری تختی نصب کرنے کے لیے بھیجا گیا ہے۔ تختی پر اپنے بھائی کا نام، تاریخ پیدائش اور تاریخ شہادت درج دیکھ کر خوشی ہوئی۔
طلحہٰ صابری نے کہا کہ ایسے اقدامات ضروری ہیں تاکہ آنے والی نسلیں بھی ان فنکاروں اور شخصیات کے بارے میں جان سکیں جنہوں نے کراچی کی شناخت اور ثقافت میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے درخواست کی کہ بھائی امجد صابری کے ساتھ والد اور معروف قوال غلام فرید صابری کے نام کی یادگاری تختی بھی نصب کی جائے۔
امجد صابری کی رہائش گاہ پر نصب تختی پر گھر کو معروف قوال کی سابقہ رہائش گاہ قرار دیا گیا ہے۔
طلحہٰ صابری نے بتایا کہ بچپن اور جوانی لیاقت آباد میں گزاری، جہاں خاندان کی بے شمار یادیں وابستہ ہیں، ہم یہیں پلے بڑھے اور اپنے والد اور بھائی کو شہرت حاصل کرتے دیکھا۔ آج بھی اگر کسی سے امجد صابری کے گھر کا راستہ پوچھا جائے تو وہ سیدھا اسی گھر کے دروازے تک پہنچا دیتا ہے، افسوس صرف اس بات کا ہے کہ جن شخصیات کے نام سے اس گھر کو پہچان ملی، وہ اب ہمارے درمیان موجود نہیں۔
یادگاری تختیوں کے لیے شخصیات کے انتخاب سے متعلق سوال پر ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہٰ سلیم نے جیو ڈیجیٹل کو بتایا کہ اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ یادگاری تختیوں کے لیے شخصیات کا انتخاب کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا جارہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ابتدائی طور پر امجد صابری، عمر شریف اور صادقین کی رہائش گاہوں پر تختیاں نصب کی گئی ہیں، تاہم اس منصوبے میں شامل کی جانے والی شخصیات کی حتمی تعداد ابھی طے نہیں کی گئی اور مزید نام زیر غور ہیں۔ یہ منصوبہ جاری رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ تاریخی شخصیات سے وابستہ عمارتوں کی شناخت کے لیے نیلی یادگاری تختیاں نصب کرنے کی روایت کا آغاز 1863 میں برطانیہ کے شہر لندن سے ہوا تھا، جس کا مقصد اہم شخصیات کی یادوں کو ان مقامات کے ذریعے محفوظ بنانا تھا جہاں وہ رہائش پذیر رہے یا کام کرتے تھے۔ اس سلسلے کی پہلی یادگاری تختیاں 1867 میں نصب کی گئی تھیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ