بلاول بھٹو کے سسٹم ری سیٹ کے بیان کو غلط رنگ دیا گیا، پی پی فرانس

پیپلز پارٹی یورپ کے سینئر رہنما افتخار بلو بٹ نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے سسٹم ری سیٹ سے متعلق بیان کو بعض سیاسی حلقوں نے غلط رنگ دے کر غیر ضروری بحث کا موضوع بنا دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار بلو بٹ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب میں اپنے بیان کے ذریعے واضح کیا تھا کہ موجودہ سیاسی نظام کو اس نہج تک پہنچانے کے عوامل کیا ہیں اور سیاسی استحکام کے لیے کن اقدامات کی ضرورت ہے۔
ان کے مطابق بلاول بھٹو کا بیان سیاسی نظام کے ری سیٹ اور اس مقصد کے حصول کے لیے درکار آئینی و جمہوری اقدامات کے تناظر میں تھا۔ یہ موجودہ نظام کو ختم کرنے یا کسی غیر آئینی اقدام کی حمایت میں نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے بیان کو ریفرنڈم کے مطالبے یا نظام کے خاتمے سے جوڑنا درست سیاسی تشریح نہیں۔ آئین پاکستان کے تحت ریفرنڈم کو آئینی ترمیم کے مقررہ طریقہ کار کا متبادل قرار نہیں دیا جا سکتا۔
افتخار بلو بٹ نے واضح کیا 1973 کے آئین کے آرٹیکل 239(4) کے تحت کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی سے متعلق آئینی ترمیم کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی کل رکنیت کی دو تہائی اکثریت سے منظوری لازمی ہے۔ اس آئینی تقاضے کو ریفرنڈم کے ذریعے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کے بیانات کو مکمل تناظر میں سمجھنے کے بجائے ان کے مخصوص حصوں کو بنیاد بنا کر تنازعات پیدا کرنا جمہوری سیاسی ماحول کے لیے مناسب نہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ