بھارت : مصدق ملک کی ایس سی او فورم کی سائیڈ لائنز پر ملاقاتیں

مصدق ملک کا دورہ بھارت مئی 2023 میں اس وقت کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے بعد یہ کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا پہلا دورہ بھارت ہے۔ ایس سی او فورم سے مرکزی خطاب کے علاوہ مصدق ملک نے سائیڈ لائنز پر مختلف ملکوں کے وفود سے ملاقاتیں کیں۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے نئی دہلی پہنچنے کے بعد ایس سی او فورم میں شرکت کو کثیرالجہتی مکالمے کا ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ثقافتیں اور تہذیبیں جغرافیائی سرحدوں کی پابند نہیں ہوتیں۔ یہ فورم خطے کے ممالک کو اپنی مشترکہ تاریخ اور تہذیبی ورثے پر تبادلہ خیال اور ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے امکانات سے متعلق سوال پر ڈاکٹر مصدق ملک نے امید ظاہر کی کہ خطے میں باہمی تعلقات بہتر ہوں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ جغرافیائی سیاست اور طاقت کا توازن تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے، ایسے میں علاقائی مکالمے اور تعاون کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔
مصدق ملک نئی دہلی میں، 2023ء کے بعد کسی پاکستانی وزیر کا بھارت میں خطاب
دہشت گردی کے خلاف کارروائی سے متعلق سوال پر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ خطے کو درپیش چیلنجز صرف پاکستان اور بھارت کے باہمی تنازعات تک محدود نہیں بلکہ ان کی نوعیت کہیں وسیع ہے، دہشت گردی کے معاملے پر پیش رفت کے لیے شفافیت اور ٹھوس شواہد ضروری ہیں۔ پاکستان متعدد بار ایک شفاف طریقۂ کار قائم کرنے کی تجویز دے چکا ہے، جس کے تحت دہشت گردی سے متعلق الزامات اور واقعات کی تحقیقات شواہد کی بنیاد پر کی جا سکیں۔ ایسا نظام دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کی بحالی اور قابلِ عمل حل تلاش کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے ایونٹ کی سائیڈ لائنز پر بھارتی وزیر ثقافت و سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت سے بھی تبادلہ خیال کیا، تاہم دونوں ملکوں کے درمیان کسی باضابطہ بات چیت کا اعلان نہیں کیا گیا۔
مصدق ملک نے تاجکستان کی وزیر ثقافت اور ایران کے ادارہ برائے ثقافتی و اسلامی روابط کے سربراہ سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دو طرفہ تاریخی و ثقافتی تعلقات اور عوامی روابط کے فروغ پر بات ہوئی۔
جمعے کی شام ڈاکٹر مصدق ملک نے نئی دہلی کے تاریخی پرانا قلعہ میں ایس سی او کے پہلے تہذیبی مکالمہ فورم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں 20 سے زائد ممالک کے نمائندوں، ایس سی او رکن ممالک کے وزرائے ثقافت، سفارت کاروں، مندوبین اور دانش وروں سمیت 200 سے زائد فنکار شریک ہوئے۔
افتتاحی تقریب کا مرکزی موضوع خطے کا مشترکہ تاریخی ورثہ، تہذیبی روابط اور ثقافتی ہم آہنگی تھا۔ اس موقع پر مختلف ثقافتوں اور مذاہب کی نمائندگی کرنے والے فنکاروں نے پرفارم کیا۔
معروف قوالی گروپ قُطبی برادران نے صوفیانہ کلام پیش کیا اور حضرت نظام الدین اولیا کی درگاہ سے وابستہ قوالی کی روایت کو اجاگر کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی حکومت نے ڈاکٹر مصدق ملک کو نئی دہلی میں ہمایوں کے مقبرے سمیت تین تاریخی مقامات کی سیر اور آگرہ میں تاج محل کے دورے کی اجازت دی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 2026-27 کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کی کونسل کی گردشی صدارت سنبھالی ہے اور اگست 2027 میں اسلام آباد میں تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ