گلگت بلتستان میں دو دہائیوں بعد بلدیاتی انتخابات کا میدان سجے گا

دو دہائیوں سے زائد انتظار کے بعد گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کا میدان سجنے جا رہا ہے۔
5 دسمبر کو گلگت، اسکردو اور چلاس کی میونسپل کارپوریشنز میں پہلے مرحلے کے انتخابات ہوں گے، جہاں عوام اپنے مقامی نمائندے منتخب کریں گے، چار درجات کے پہلے مرحلے کے لیے ہونے والے اس انتخابی عمل کو اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور شہری مسائل کے حل کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
گلگت بلتستان میں 22 سال بعد بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں۔ پہلے مرحلے میں پانچ دسمبر 2026 کو گلگت، اسکردو اور چلاس کی میونسپل کارپوریشنز میں جماعتی بنیادوں پر انتخابات ہوں گے۔
بلدیاتی ایکٹ 2014 کے تحت منعقد ہونے والے ان انتخابات میں پہلی مرتبہ تین میونسپل کارپوریشنز کے ذریعے شہری علاقوں کو مقامی سطح پر منتخب نمائندگی فراہم کی جائے گی۔
گلگت میونسپل کارپوریشن میں 42 عمومی نشستوں پر براہ راست انتخاب ہوگا۔جبکہ 7 خواتین سمیت 10 مخصوص نشستوں پر انتخاب نومنتخب ارکان اپنے ووٹ کے ذریعے کریں گے۔
بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے انتخابی انتظامات اور سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تقرری بھی عمل میں آچکی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کے اشتراک سے انتخابی عمل کو پُرامن، شفاف اور آزادانہ بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی نظام کے ذریعے عوام کو اپنے مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مقامی ترقی میں براہِ راست کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ