خیبر پختونخوا کی سرکاری جامعات مالی خسارے کا شکار، وفاق سے 18 ارب مانگ لیے

خیبر پختونخوا کی 34 سرکاری جامعات میں سے 26 مالی خسارے کا شکار ہیں، وفاق سے 18 ارب کی گرانٹ مانگ لی۔
سیکریٹری اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا نے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کو خط لکھ دیا اور بتایا کہ جامعات کا مجموعی خصارہ 5 ارب 60 کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے۔
سرکاری جامعات میں زیر تعلیم تقریباً 2 لاکھ طلبہ متاثر ہو رہے ہیں، مالی مشکلات کے باعث طلبہ اور ان کے خاندانوں پر فیسوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے، تنخواہوں اور پنشن اخراجات میں مسلسل اضافہ بوجھ بن گیا ہے۔
خط میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے جامعات کےلیے اپنی گرانٹ بڑھا کر 11 ارب 85 کروڑ کردی لیکن رقم مالی مشکلات کے خاتمے کےلیے ناکافی ہے، وفاقی حکومت مالی معاونت فراہم کرے۔
خط میں بتایا گیا کہ گزشتہ 10 سالوں میں جامعات کو گرانٹس کی مد میں 18 ارب روپے کی کمی کا سامنا رہا جبکہ گزشتہ 3 سالوں میں ایچ ای سی کی گرانٹ میں 6 اعشاریہ 3 فیصد کمی ہوئی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ