بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کو پاکستان کا ویزا جاری کرنے پر کوئی پابندی نہیں، ترجمان دفتر خارجہ

فوٹو: وزارت خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارتی ریاست پنجاب کے وزیراعلیٰ کو پاکستان کا ویزا جاری کرنے پر کوئی پابندی نہیں، بھارتی شہریوں کے لیے ویزوں کا اجرا بند نہیں کیا، رواں سال بھی 4 ہزار سے زائد سکھ زائرین کو ویزے دیے گئے۔
پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس میں شرکت کا بھارتی دعوت نامہ مل گیا ہے، اجلاس 20 سے 22 نومبر تک دلی میں ہوگا، ایس سی او اجلاس میں شرکت کا فیصلہ ادارہ جاتی مشاورت اور ضابطہ کار مکمل ہونے پر قیادت کرے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مکہ اتحاد کے رکن ممالک کا ایران کیساتھ پہلا مشاورتی اجلاس اتحاد کے دفاعی اور امن پسند مقاصد کا ثبوت ہے، مکہ اتحاد کسی ملک کیخلاف نہیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے ہے، آئندہ اجلاسوں کی تاریخیں تاحال طے نہیں ہوئیں، مناسب وقت پر مزید ملاقاتیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاک ایران بارڈر سے کراسنگ ہورہی ہے تاہم بارڈر کھلنے کی حیثیت کو متعلقہ اداروں سے چیک کرنا ہوگا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ